کنگن// محکمہ جنگلات نے فرائو گنڈ میں ٹا ٹا مو بائل گاڑی سے عمارتی لکڑی ضبط کی ۔محکمہ جنگلات نے ایک مصدقہ اطلاع پر فرائو پاور کنال کے نزدیک ایک ٹا ٹا موبائل زیر نمبر 6672/JK01Tسے 14.45مکعب فٹ عمارتی لکڑی ضبط کرکے گاڑی کو اپنی تحویل میں لے کر کیس درج کر لیا جبکہ اس سلسلے میں ابھی تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔ڈیژونل فارسٹ آفیسر گاندربل تنویر احمد نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ نے اس سلسلے میں پولیس سٹیشن گنڈ میں ایک کیس زیر ایف ائی آر نمبر 8.2017زیر دفعہ379،6فارسٹ ایکٹ درج کیا ہے ۔
مسلم لیگ کا راجناتھ کے بیان پر شدید ردعمل
سرینگر//مسلم لیگ نے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے بیان پر اپنا ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کی زمینی صورتحال کو دیکھ کر بھی اپنی آنکھیں موندھ لینا اور اس حقیقت کا اعتراف کرنے کے بجائے جو لوگ ہوا کے دوش پر چل کر دھمکیوں اور فوجی طاقت کے بل بوتے پر کشمیری عوام کو مرعوب کرنا چاہتے ہیں وہ حقیقی دنیا سے کوسوں دور ہیں۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پورے برصغیر کے لئے خطرہ بن چکا ہے ،اس سے صرفِ نظر کرکے ڈرانے اور دھمکانے کا کیا جواز بنتا ہے کیونکہ دھمکیوں کا سہارا لے کر نہ ہی مسئلہ کشمیر کی تاریخی حیثیت کو بدلا جاسکتا ہے اور نہ ہی اس ہمالیائی حقیقت کو فسانہ قرار دیا جا سکتا ہے جس کی خاطر کشمیری عوام نے اپنی جانیں، عزتیں اور عصمتیں قربان کی ہوں۔