کنگن//وسطی ضلع گاندربل کے کسانہ پتی مامر کنگن میں منگل کوپینے کے پانی کی عدم دستیابی کو لیکر محکمہ جل شکتی کے خلاف احتجاج ہوا۔
کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق کسانہ پتی گنی ون کنگن کے لوگوں نے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف سرینگر ۔لیہ شاہراہ پر محکمہ جل شکتی کے جلاف احتجاجی مظاہرے کئے جس کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل مسدود ہوکر رہ گئی۔
مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ بستی میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو ندی نالوں کا گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہونا پڑرہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پرپولیس نے احتجاجی لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو محکمہ جل شکتی کے افسران کی نوٹس میں لایا جائے گا جس کے بعد مظاہرین نے پولیس کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کیا اور شاہراہ پر ٹریفک بحال ہوگیا۔