کنگن۔بانہال//مر گنڈ کنگن میں 28سالہ خاتون سڑک کے ایک حادثے میں لقمہ اجل بن گئی ۔پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لیکر کیس درج کر لیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ضلع گاندربل کے مر گنڈ کنگن میں اس وقت صف ماتم بچھ گئی جب ایک 28سالہ خاتون دلشاہ زوجہ محمد شریف خان ساکن مرگنڈ وڈر کنگن اپنے شوہر کے ساتھ اسکوٹر پر کہیں جا رہی تھی۔ اس دوران مخالف سمت سے آرہی ایک ٹرک زیر نمبر JK13 9838 نے اسے شدید ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں مذکورہ خاتون موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئی ۔کنگن پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرکے اس کے خلاف ایک کیس زیر ایف ائی آر نمبر 22/2018درج کرکے مذید تحقیقات شروع کردی۔اس دوران جموں ۔سرینگر شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال میں ڈاک بنگلہ کے نزدیک جموں سے سرینگر جانے والی ایک سی آر پی ایف کی بس کی ذد میں اکر ایک خاتون زخمی ہوئی ہے جسے ایمرجنسی ہسپتال بانہال میں منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس زرائع کا کہنا ہے کہ حفیظہ بیگم عمر 55 زوجہ مرحوم غلام حسین ساکنہ کھارپورہ ، بانہال شاہراہ کے کنارے چل رہی تھی کہ وادی کشمیر کی طرف جانے والی سینٹرل ریزرو پولیس فورس یا سی آر پی ایف بس نمبر JK-02AT/ 6898 نے اسے ٹکر ماری جس کی وجہ سے خاتون زخمی ہوگئی اور اسے فوری طور پر مقامی لوگوں کی مدد سے بانہال ہسپتال پہنچایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ خاتون کا دائیاں بازو زخمی ہوا ہے۔ بعد معاملہ افہام و تفہیم سے حل کیا گیا اور خاتون کو ہسپتال سے جانے دیا گیا۔