سوپور//سوپورکے مضافاتی جنگلات میں پچھلے 4روز سے سبز سونے میں آگ لگی ہوئی ہے۔سوپور کے کنڈی علاقہ میں پچھلے 4دنوں سے جاری آگ نے پورے جنگلی علاقہ کو اپنے محاصرے میں لے لیا ہے۔ پچھلے چار دنوں سے کنڈی سوپور کے جنگلات میں کمپارٹمنٹ نمبر 23،26اور33کے بالائی حصوں کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ چار دن قبل کمپارٹمنٹ نمبر 23سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً پھیل کر کمپارٹمنٹ نمبر 23اور 26 کے علاوہ لولاب کپوارہ کے جنوبی حصے کوکو بھی اپنی لپیٹ میں لیا۔ اس موقعہ پر لوگوں نے محکمہ کے ملازمین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے جنگلات میں لگی آگ کا تین روزتک نظارہ دیکھا اور اب تین روز کے بعد ہی لاحاصل اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے پہلے کمپارٹمنٹ نمبر 23,26اور 33کو اپنی لپیٹ میں لیا جو بعد میں کمپارٹمنٹ نمبر 25, 30اور 37کے کنڈی سوپور کے جنگلات تک پھیل گئی جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے جس نے جنگل میں موجود سبزسونے کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کرکے رکھ دیا ہے۔ محکمہ کے ذمہ داروں نے بتایا کہ آگ پر فوری قابو پانے کی خاطر محکمہ سے وابستہ اہلکار دن رات کام کررہے ہیں تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جائے۔