عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ایک تازہ پیشرفت میں، حکومت نے کنڈرگارٹن (پری پرائمریٌ) کلاسوں کے لیے موسم سرما کی ابتدائی تعطیلات کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔گریٹر کشمیر سے بات کرتے ہوئے، وزیر تعلیم، سکینہ ایتو نے کہا کہ (25 نومبر) کنڈرگارٹن کی کلاسوں میں داخلہ لینے والے طلبا کے لیے کام کا آخری دن ہوگا۔انہوں نے بتایا، “میں نے اس معاملے پر ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر سے بات کی ہے۔یہ فیصلہ پورے کشمیر میں موسم کی خرابی کے پیش نظر کنڈرگارٹن( پری پرائمری) کلاسوں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا جلد اعلان کرنے کے والدین کے مطالبے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے پہلے ہی اعلان کیا گیا ہے کہ آٹھویں تک کی کلاسوں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات دسمبر کے پہلے ہفتے سے شروع ہو جائیں گی۔والدین کا کہنا تھا کہ موجودہ موسم کے درمیان اسکولوں کو جاری رکھنا نقصان دہ ہے اور اسکول جانے والے چھوٹے بچوں کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔