کشتواڑ//گورنمنٹ ڈگری کالج کشتواڑ کے کنٹریکچول لیکچرارز نے اپنے تنخواہ جات کی ادائیگی کے لئے قلم چھوڑ ہڑتال کی۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ان لیکچراروں نے کہا کہ وہ ایمانداری اور نیک نیتی سے اپنا کام کر رہے ہیں لیکن کالج انتظامیہ نے گُذشتہ نو مہینوں سے انکے تنخواہ جات واگُذار نہیں کئے ہیں۔ جسکی وجہ سے انکو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اُنہوں نے مبینہ الزام لگایا کہ باقاعدگی سے اپنے فرائض انجام دینے کے باوجود کالج حُکام نے انکے تنخواہ جات ادا نہیں کئے ہیں۔ ان لیکچراروں کے مطابق اُن میں سے بیشتر لیکچرار کشتواڑ سے باہر یعنی کہ جموں، سانبہ ،کٹھوعہ و دیگر علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں جو کہ یہاں پر کرایہ کے مکانوں میں رہتے ہیں۔ تنخواہ واگُذار نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنا کرایہ ادا نہیں کر سکتے ہیں۔ان لکیچراروں نے حُکام سے اپنے تنخواہوں کے لئے رابطہ کیا لیکن کوئی حل نہیں ہوا ہے۔ان لیکچراروں نے دھمکی دی ہے کہ وہ تب تک کام نہیں کریں گے جب تک کہ انکے تنخواہ جات واگُذار نہیں کئے جاتے ہیں۔ اور تب تک وہ مکمل طور سے کلاسوں کا بائیکاٹ کریں گے۔ان کنٹریکچول لیکچراروں نے اعلی تعلیم کے کمشنر /سیکرٹری و اعلی تعلیم کے ڈائریکٹر سے مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ اُنکے مسائل کا ازالہ ہو سکے۔