عظمیٰ نیوزسروس
جموں//اپنی پارٹی کے صوبائی صدر منجیت سنگھ نےپارٹی لیڈروں کے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے رام گڑھ کے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں سے ملاقاتیں کیں۔ قابل ذکر ہے کہ پاکستانی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے کئی علاوہ میں سرحدی آبادیاں خوف و دہشت کا شکار ہوگئی ہیں۔ اس صورتحال کے تناظر میں اپنی پارٹی کے وقد نے رام گڑھ علاقے میں سرحدی آبادی میں جاکر لوگوں کے ساتھ ملاقات کی۔اس دورے کے بعد منجیت سنگھ نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ رام گڑھ کے سرحدی باشندگان کو بنکر زیر زمین پناہ گاہیں تعمیر کریں تاکہ پاکستانی فوج کی جانب سے اس علاقے میں بھی اگر فائرنگ اور گولہ باری کرنے کی صورت میں وہ اپنی حفاظت کر سکیں۔انہوں نے کہا ’’رام گڑھ کے علاقے میں کنٹرول لائن کے ساتھ رہنے والے لوگ ممکنہ پاکستانی فائرنگ اور گولہ باری کے بارے میں خوفزدہ ہیں، کیونکہ لائن پر مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے اسی طرح کے واقعات جاری ہیں۔ رام گڑھ کے لوگ خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ کہیں یہ علاقہ بھی سرحد پار سے فائرنگ اور گولہ باری کی ذد میں نہ آئے۔اس لئے میں حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ بنکروں کی تعمیر کو یقینی بنائے تاکہ مشکل حالات میں وہ خود کو محفوظ رکھ سکیں‘‘ ۔