سرینگر/فوج نے جمعہ کو کہا کہ کنٹرول لائن پر صورتحال قابو میں ہے تاہم پاکستان لگاتار کشمیر میں امن کو درہم برہم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے لیکن فوج اس کی اجازت نہیں دے گی۔
فوج کی پندرہویں کور کے کمانڈر،لیفٹیننٹ جنرل سربجیت سنگھ ڈھلون نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کشمیر میں دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کے مسئلہ سے فورسز مسلسل چیکنگ کے ذریعے اچھی طرح سے نمٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شوپیان میں فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے جہاں سیکورٹی فورسز پر گذشتہ رات حملہ کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تلاشی کے دوران وہاں سے پاکستان میں تیار کردہ ایک بارودی سرنگ کا پتہ لگایا گیا جس پر آرڈیننس فیکٹری کے نشان بھی موجود ہیں۔
فوجی جنرل نے کہا کہ امرناتھ یاترا کے راستے میں بھی اسلحہ و گولہ بارود کا ذخیرہ بر آمد کیا گیا ہے جس میں امریکہ میں تیار کی جانے والی ایم۔24رائفل بھی شامل ہے۔
اس موقع پر موجود آئی جی کشمیر ایس پی پانی نے کہا کہ پلوامہ اور شوپیان اضلاع میں بارودی دھماکے کرنے کی دس کوششیں ہوئی ہیں۔