حسین محتشم
پونچھ//پیر کی صبح محکمہ مال اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران گائوں کنویاں کی عمر کالونی میں غیر قانونی تعمیرات کو جے سی بی کے ذریعہ مسمار کیا گیا۔اگر چہ تجاوزات کرنے والوں کی جانب سے وہاں سخت احتجاج کر کے محکمہ مال کے آفیسران ملازمین اور پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا گیا اور جے سی بی کے شیشے بھی توڑ دئیے گئے تاہم ڈی ایس پی پنکج سودھن کی نگرانی میں فوری طور پر پتھراؤ کرنے والوں کو حراست میں لے لیا گیا جن میں تین خواتین اور پانچ مرد شامل تھے جس کے بعد غیر قانونی تعمیرات کو جے سی بی کے ذریعے مسمار کر دیا گیا، نائب تحصیلدار شکیب ملک نے بتایا کہ آنے والے وقت میں ایسی مزید غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑی کارروائی کی جائے گی۔تجاوزات کرنے والوں نے الزام لگایا کہ محکمہ مال نے ان کے ساتھ انصاف نہیں کیا جبکہ محکمہ مال کے آفیسران کا کہنا تھا کہ انھیں کئی بار نوٹس جاری کئے گئے کہ وہ تجاوزات نہ کریں اس کے باوجود انہوں نے تجاوز کیا اس لئے محکمہ کو یہ سخت کارروائی کرنا پڑی۔