پونچھ // کنوئیاں میں جموں ۔پونچھ شاہراہ پر گاڑیوںکی آمدورفت پر قدغن لگا کر لوگوںنے محکمہ فلڈ کنٹرول کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اس موقعہ پر مظاہرین نے الزام لگایاکہ محکمہ کی لاپرواہی سے انہیں ہر بار نقصان ہوتاہے ۔یہ احتجاج پنتھرز پارٹی کے بینر تلے ہواجس دوران سینئر لیڈر کلدیپ راج نے کہا کہ پونچھ شہر میں 2014میں آئے سیلاب سے ہوئے نقصا نات کا ازالہ آج تک نہیں ہو پایا تھا کہ ایک بار پھر سے لوگوں کو سخت مالی نقصان سے دوچار ہونا پڑا ۔انہوں نے الزام لگایا کہ یہ نقصان محکمہ فلڈ کنٹرول کے افسران کی نا اہلی کی وجہ سے ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سال سے لوگ محکمہ کو بار بار اپیل کرتے رہے ہیں کہ وہ دریا کنارے پختہ باندھ لگائے لیکن اس نے کچھ بھی نہیں کیا ۔ان کاکہناتھا کہ جے سی بی مشینیں لگاکر دریا کا رخ ایک طرف موڑ دیاگیاجس سے کنوئیاں میں لوگوں کی زمینیں دریا برد ہو رہی ہیں اوربستیاں اجڑنے کا خدشہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ہوئے نقصانات کی مرمت کیلئے کروڑوں روپے نکالے جا چکے ہیں جبکہ زمینی سطح پر کوئی کام دکھائی نہیں دیا۔مظاہرین نے کہاکہ موجودہ حکومت بھی اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ۔انہوںنے کہاکہ دریا کنارے حفاظتی باندھ تعمیر کئے جائیں ۔یہ احتجاجی مظاہرہ ایک گھنٹہ تک جا ری رہاجس کو دیکھتے ہوئے ضلع افسران کی ایک ٹیم وہاں پہنچی جس نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات پورے کئے جائیں گے جس پر انہوںنے احتجاج ختم کیا ۔