عظمیٰ نیوزسروس
بارہمولہ//بارہمولہ میں مبینہ طور پر خسرہ بیماری پھیلنے اور ایک سکول میں زیر تعلیم کئی طلبہ میں اس کے کیس سامنے آنے کے بعد سکول کو فی الحال بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ ادھر مقامی لوگوں میں اس معاملے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ کنزر زون میں واقع گورنمنٹ مڈل سکول کھونچی پورہ میں خسرہ میں کئی بچوں کے مبتلاء پائے جانے کے بعد حکام نے فوری طور پرسکول میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔زونل ایجوکیشن آفیسر کنزر کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سکول کے کئی طلبہ میں خسرہ کے کیس سامنے آنے پر یہ فیصلہ کیا گیا۔ طبی ماہرین کی ایک ٹیم گزشتہ روز سکول بھیجی گئی تھی تاکہ متاثرہ بچوں کا معائنہ کیا جا سکے اور احتیاطی اقدامات کیے جائیں۔یہ فیصلہ بلاک میڈیکل آفیسر کنزر کے مشورے سے لیا گیا ہے اور حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ طلبہ کی صحت و سلامتی کے پیش نظر کلاس ورک غیر معینہ مدت تک معطل رہے گی، جب تک کہ اگلی ہدایات جاری نہ ہوں۔محکمہ تعلیم اور طبی حکام کے مطابق انفیکشن کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں میں کسی بھی قسم کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر طبی ماہرین سے رجوع کریں۔دریں اثناء خسرہ کے معاملے نمودار ہونے کے بعد ضلع بھر میں لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ ماہرین طب نے کہا ہے کہ پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں اور حالات قابو میں ہیں۔