یواین آئی
وارانسی//وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ کنبہ پروری سیاست کیلئے بہت خطرناک ہے اور ملک کو اس سے بچانے کے لئے انہوں نے ایک لاکھ ایسے نوجوانوں کو سیاست میں لانے کا ہدف رکھا ہے جن کے کنبے کا سیاست سے کوئی بھی تعلق نہیں رہا ہے۔انہوںنے اتوار کو اپنے پارلیمانی حلقے وارانسی سے ریاست اور ملک کو 6700کروڑ روپئے کے پروجیکٹوں کی سوغات دیتے ہوئے کہا کہ وارانسی میں ایک جانب جہاں تیزی سے ترقی ہورہی ہے وہیں دوسری جانب وراثت کو بھی تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے سابق حکومتوں پر کنبہ پروری اور خوشامد کی سیاست کی وجہ سے کاشی کو ترقی سے محروم رکھنے کا بھی الزام لگایا۔سگرا اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد سنگ بنیاد اور افتتاحی پروگرام میں اپنے خطاب میں کہا کہ آج وارانسی میں تقریبا ہر سیکٹر سے جڑے پروجیکٹ مل رہے ہیں جن کی مدد سے نہ صرف لوگوں کو سہولیات ملیں گی بلکہ یہاں نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع بھی ملیں گے۔ ان کی حکومت ملک کی چہار رخی ترقی کے لئے کمر بستہ ہے۔ حکومت کے نئے میعاد کار کے محض سوا سو دن میں ہی ملک میں 15 لاکھ کروڑ سے زیادہ کی پروجیکٹوں پر کام شروع کیا جاچکا ہے۔ اس میں زیادہ تر بجٹ غریبوں، کسانوں اور نوجوانوں کے نام پر رہا ہے۔ یہی وہ تبدیلی ہے جو ملک چاہتا ہے۔وزیر اعظم مودی نے سابق حکومتوں پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ 10سال پہلے تک حکومتوں کے گھپلے کا ذکر اخبارات میں ہوتا تھا لیکن محض سوا سو دن میں 15لاکھ کروڑ سے زیادہ کے پروجیکٹوں پر کام شروع ہونے کی بحث ہوتی ہے۔ آج عوام کا پیسہ ملک کی ترقی پر پوری ایمانداری سے خرچ کیا جانا پہلی ترجیح ہے۔ ملک میں انفراسٹرکچر کے فروغ کیلئے تیزی سے کام کیا جارہا ہے جس کے دو ہدف ہیں پہلی سرمایہ کاری کے ذریعہ سے لوگوں کے لئے سہولیات کا فروغ کرنا تو دوسرا سرمایہ کاری کے ذریعہ سے نوجوانوں کو روزگار کے نئے نئے مواقع فراہم کرنا۔وزیر اعظم نے کاشی کو ترقی کے لئے ترسانے کا الزام سابق حکومتوں پر لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت چاہے کانگریس کی ہو یا سماج وادی پارٹی کی سبھی نے کنبہ پروری اور خوشامد کی سیاست کی وجہ کاشی کی ترقی سے محروم رکھا۔ انہوں نے پرزور طریقے سے کہا کہ ان پارٹیوں کی وارانسی کی ترقی کی نہ پہلے کبھی منشی تھی اور نہ ہی آگے ہوگی۔ وزیر اعظم نے کھلے من سے ملک اور خاص کر وارانسی کے نوجوانوں سے سیاست کے شعبے میں آگے آنے کی اپیل کی تاکہ ملک کو کنبہ پروری کی خوفناک سیاست کے چنگل سے باہر نکالا جاسکے۔
مودی نے کہا کہ کبھی یوپی کو خستہ حال ہونے کے طعنے مارے جاتے تھے آج وہی یوپی شاندار ایکسپریس وے اور جدید ائیر پورٹ کے لئے جانا جاتا ہے۔ اس کے لئے یوگی جی کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وارانسی کا ایم پی ہونے کے ناتے آج کافی اطمینان ہے آج کاشی کے سندر گھاٹ اور چوڑے راستے سبھی کا دل جیت رہے ہیں۔ گنگا جی پر ایک نئے ریل۔روڈ برج کی اجازت دے دی گئی ہے۔ آج کاشی کھیلوں کا بھی ایک بڑا سنٹر بنتا جارہا ہے۔نئے اسٹیڈیم میں اولمپک تک کے انعقاد کی سہولیات کو فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کی سہولیت کے لئے جو کام کررہی ہے ان سے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہورہے ہیں۔ اتنا ہی نہیں اس سے کھیتی، صنعت اور سیاحب کو بھی بہت قوت مل رہی ہے۔ آج ملک میں 150ائیر پورٹ بنائے جاچکے ہیں اور قدیم کی تجدید بھی لگاتار کی جارہی ہے۔اجودھیا میں انٹرنیشنل ائیر پورٹ دنیا بھر سے آنے والے بھکتوں کا استقبال کررہا ہے۔مودی نے کہا کہ سماج کی ترقی ہونے کے لئے خواتین اور نوجوانوں کا فروغ ہونا سب سے ضروری ہے اور اس لئے ان کی حکومت نے ترقی یافتہ ہندوستان کے ہر عزم کے مرکز میں خاتون باختیاری کو رکھا ہے۔ اس کا فائدہ وارانسی کی خواتین کو بھی بھر پور مل رہا ہے۔حکومت تین کروڑ گھر وزیر اعظم رہائش اسکیم کے تحت مزید بنانے جارہے ہیں۔ اس کی مدد سے جن خواتین کو ابھی تک اپنا گھر نہیں ما ہے انہیں بھی گھر دیا جائے گا۔پروگرام میں مودی نے رموٹ کا بٹن دبا کر ملک اور ریاست کے لئے 6700 کروڑ کی 23 پروجکٹوں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھا۔