لندن، 17 جون / پاکستانی ہاکی ٹیم کی ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل میں مایوس کن کارکردگی جاری ہے ۔ اسے یہاں اپنے دوسرے میچ میں بھی کناڈا نے 6-0 سے شکست دی۔13 ویں رینکنگ کی پاکستانی ٹیم کو پہلے میچ میں ہالینڈ نے 4-0 سے شکست دی تھی اور اب دوسرے میچ میں اسے کناڈا نے 6-0 کے بڑے فرق سے ہرایا۔ ٹورنامنٹ کے دوسرے دن 11 ویں رینکنگ کی کناڈیائی ٹیم نے پول بی کے اس مقابلے میں تیزی سے آغاز کرتے ہوئے پہلے کوارٹر کے ختم ہونے سے چار منٹ قبل کپتان اسکاٹ ٹپر کے پنالٹی اسٹروک سے کئے گئے شاندار گول سے برتری حاصل کرلی۔کناڈا نے دوسرے کوارٹر میں تین گول کرکے برتری کو 4-0 کر دیا۔ ایان اسمیتھے نے دو اور فلورس وان سن نے ایک گول کیا۔ کناڈا کے تیز کھیل کے سامنے پاکستانی ٹیم انتہائی کمزور نظر آئی اور پورے مقابلے میں وہ ایک بھی گول کرنے میں کامیاب نہیں رہی۔کناڈا کی جانب سے برینڈن بسیٹ اور گورڈون جانسٹن نے آخری کوارٹر میں دو گول کئے اور اپنی ٹیم کو 6-0 کی برتری کے ساتھ جیت دلا دی۔ فتح کے خوشی ظاہر کرتے ہوئے کناڈا کے گول کیپر ڈیوڈ کارٹر نے کہا ''پاکستان کے خلاف یہ جیت شاندار رہی۔ ہم ہر شعبہ میں ان سے بہتر تھے لیکن جارحانہ کھیل ہمارا سب سے مضبوط پہلو رہا۔ ہم نے میچ میں جس طرح کی کارکرددگی کا مظاہرہ کیا وہ واقعی حوصلہ افزاا رہی''۔