جموں //وزیر برائے پشو و بھیڑ پالن ، ماہی پروری عبدالغنی کوہلی نے کسانوں کو فش فارمنگ سے متعلق مناسب رہنمائی اور جانکاری فراہم کرنے پر زور دیا۔ وزیر کمپوزٹ فش کلچر پر سہ روزہ سکل ڈیولپمنٹ پروگرام کی اختتامی تقریب پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے ۔ پروگرام کا انعقاد محکمہ فشریز نے ریجنل فش فارمس ڈیولپمنٹ ایجنسی نے نیشنل فشریز ڈیولپمنٹ بورڈ کے تعاون سے گومنہاسا میں کیا تھا ۔ وزیر نے کہا کہ حکومت نے ریاست میں فش کلچر کو فروغ دینے کیلئے پہلے ہی متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جبکہ دیگر پروگرام بھی عنقریب شروع کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر میں فش فارمنگ کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے تا ہم اس کیلئے خواہشمند کسانوں کو مناسب رہنمائی فراہم کرنے اور انہیں جدید ترین تکنیکوں سے روشناس کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماہی پروری کو بطور پیشہ اختیار کرنے سے نہ صرف کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہو گا بلکہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے روز گار کے بہتر مواقعے بھی پیدا ہو سکتے ہیں ۔ کوہلی نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے سماج کے کمزور طبقون کی معاشی و معاشرتی حالتِ زندگی بہتر بنانے کیلئے کئی اہم پروگرام شروع کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو پہلے ہی عام لوگوں کو ان سکیموں سے متعلق جانکاری دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تا کہ وہ اُن سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آ کر ان بہبودی سکیموں سے استفادہ کریں ۔ وزیر نے مختلف سٹالوں کا دورہ کیا اور محکمہ کو اس نوعیت کے پروگرام کے انعقاد کیلئے کافی سراہا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کسانوں نے اس تربیتی پروگرام سے استفادہ کیا ہو گا اور ماہی پروری سے وابستہ کسانوں کو تربیتی پروگرام کے دوران حاصل کی گئی جانکاری ماہی پروری سے وابستہ طبقوں تک پہنچانے کیلئے کہا ۔ اس موقعہ پر جموں صوبے کے مختلف اضلاع کے درج ماہی گیروں میں 111 بائیسائیکل اور چارآٹو رکھشا تقسیم کئے ۔ انہوں نے شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کیں ۔ اس موقعہ پر کسانوں نے اپنی مانگیں اور تجاویز پیش کیں جن میں پرائیویٹ فش فارموں کو فش انشورنس سکیم کے دائرے میں لانے اور ان پرائیویٹ فارموں کو بہتر ٹرانسپورٹ سہولیت فراہم کرنا بھی شامل ہے تا کہ وہ اپنی پیداوار بازار تک بغیر کسی تعطل کے بیج سکیں ۔ وزیر نے انہیں بغور سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کی جائیز مانگوں پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا ۔ ناظمِ فشریز آر کے پنڈتا نے بھی اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کر کے محکمہ کی سرگرمیوں کو اجاگر کیا ۔