یو این آئی
کینبرا/آسٹریلیائی آل راؤنڈر پیٹ کمنز کمر کی چوٹ کے باعث پرتھ میں ہونے والے پہلے ایشیز ٹیسٹ سے باضابطہ طور پر باہر ہو گئے ہیں۔ کمنز کی غیر موجودگی میں اسٹیون اسمتھ 21 نومبر سے شروع ہورہے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیائی ٹیم کی قیادت کریں گے ۔آسٹریلیائی ٹیم کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے کینبرا میں بتایا کہ “ہمارے پاس اب وقت ختم ہو گیا ہے ۔ تقریباً ایک ہفتہ قبل ہی ہم نے کہا تھا کہ انہیں صحت یاب ہونے میں چار ہفتے سے زیادہ کا وقت لگے گا اور بدقسمتی سے ہمارے پاس اتنا وقت نہیں ہے ۔ لیکن ہم دوسرے ٹیسٹ کے لیے کافی حوصلہ افزا اور پُر امید ہیں۔ میرا خیال ہے کہ اگلا سوال یہی ہوگا کہ ٹائم فریم کیا ہے ، دوسرے ٹیسٹ کے لیے کیا صورتحال ہے – میں اس کا واضح جواب نہیں دے سکتا، سوائے اس کے کہ وہ اس ہفتے گیند بازی شروع کردیں گے اور یہ ایک بڑا قدم ہے ۔ یہی وہ اہم مرحلہ تھا جسے ہم جوڑنا چاہتے تھے اور وہ معلومات حاصل کرنا چاہتے ۔ لہٰذا ہم دوسرے ٹیسٹ کی طرف بڑھ رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ نتیجہ مثبت ہوگا۔”میکڈونلڈ نے مزید کہا “ہم دیکھیں گے کہ وہ کیسا محسوس کرتے ہیں اور پھر ہم اگلے فیصلے لیں گے ۔ مجھے معلوم ہے کہ یہ سننے میں بورنگ لگتا ہے اور ہر کوئی ایک ٹائم فریم اور اس سے جڑے رسک کے بارے میں جاننا چاہتا ہے ۔ مجھ سے بہتر ماہرین موجود ہیں جو اس بارے میں بہتر اندازہ لگا سکتے ہیں۔ اس چوٹ کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے کوئی واضح ٹائم فریم دینا ممکن نہیں۔ میرا خیال ہے کہ آپ سب یہی سننا چاہتے ہیں کہ کب تک وہ واپس آئیں گے – لیکن ہم ایسی پوزیشن میں نہیں ہیں اور میں میڈیکل ٹیم پر دباؤ نہیں ڈالوں گا۔”واضح رہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ بریسبین میں 4 دسمبر سے شروع ہوگا۔