اوڑی // لائن آف کنٹرول کے اوڑی سیکٹر میں اتوار کو ہند و پاک افواج کے مابین گولہ باری کا تبادلہ دوسرے دن بھی جاری رہا۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ پاکستانی رینجرز کی جانب سے اوڑی سیکٹر میں اتوار کی صبح قریب 10 بجکر 50 منٹ پر سیکورٹی فورسز کی چوکیوں اور آبادی والے علاقوں کو نشانہ بناکر شدید گولہ باری کا آغاز کیا گیا اور یہ سلسلہ دن کے ایک بجے تک جاری رہا۔ انہوں نے بتایا ’فوجی سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ البتہ کوئی نقصان نہیں ہوا‘۔ اوڑی سیکٹر کے کمل کوٹ علاقہ میں ہفتہ کے روز پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں ایک آرمی پورٹر ہلاک جبکہ دو خواتین زخمی ہوئی تھیں ۔