محمد تسکین
بانہال//کشمیر ریل پروجیکٹ پر 111 کلومیٹر طویل کٹرہ اور بانہال کے حصے میں مختلف ٹنلوں ، پلوں اور ریلوے سٹیشنوں پر بقایا تعمیراتی کام اپنے آخری مراحل سے گزررہا ہے اور ادھم پور۔ سرینگر۔ بارہمولہ ریلوے لائین کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے مختلف تعمیراتی کمپنیاں دن رات کی بنیادوں پر بقایا کام کر رہی ہیں۔ شمالی ریلوے نے گزشتہ ماہ کی 21 تاریخ کو ایک اور سنگ میل عبور کرکے جہاں ضلع ریاسی میں آخری زیر تعمیر ریلوے ٹنل کی کھدائی مکمل کرکے اسے آرپار کیا گیا ہے وہیں بانہال اور کھڑی کے درمیان پندرہ کلومیٹر کے سیکشن میں ریل سروس کو شروع کرنے سے پہلے قانونی معائنہ کرنے کیلئے کمشنر ریلوے سیفٹی 03 جنوری بروز بدھ کو کھڑی پہنچ رہے ہیں تاکہ پندرہ کلومیٹر کے اس سیکشن میں ریل سروس کا افتتاح کرنے کو منظوری دی جا سکے۔ کمشنر ریلوے سیفٹی دھنیش چند دیشوال کی آمد کے پیش تعمیراتی ایجنسی ارکارن انٹرنیشنل کیطرف سے بانہال اور کھڑی میں ساری تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور امید ہیکہ کمشنر ریلوے سیفٹی کا معائنہ اطمینان بخش ہونے کی صورت میں کھڑی اور بانہال کے درمیان ریل سروس کو چلانے کے بارے آخری فیصلہ لیا جائیگا۔شمالی ریلوے کے ذرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ کمشنر ریلوے سیفٹی03 جنوری کو ایک خصوصی جانچ کار سے سرینگر سے بانہال پہنچیں گے جہاں سے وہ ایک ٹرین ٹرالی کے ذریعے بانہال اور کھڑی کے درمیان ریلوے لائین کا معائنہ کریں گے جو ریل سروس چلانے سے پہلے آخری معائنہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں بانہال سے ایک الیکٹرک ٹرین کو کھڑی پہنچایا جائیگا اور کمشنر ریلوے سیفٹی اور ان کی ٹیم معائنہ کرتے ہوئے اسی ریل سے واپس بانہال پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس معائنہ کے موقع پر کمشنر ریلوے سیفٹی دھنیش چند دیشوال کے ہمراہ ادھم پور۔ سرینگر۔ بارہمولہ ریل لائین پروجیکٹ کے چیف ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ،ارکان انٹرنیشنل کے حکام ، تعمیراتی افسران ، ریلوے ٹریفک اور سیکورٹی کے اعلی افسران اور شمالی ریلوے کے فیروزپور ڈویڑن کے حکام بھی ہوں موجود ہوں گے اور اگلے دن چار جنوری کو یہ ٹیم واپس دہلی روانہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لازمی قانونی معائنہ کی رپورٹ مثبت ہونے کی صورت میں اس سیکشن میں کسی بھی وقت ریل سروس کا افتتاح کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کشمیر ریل پروجیکٹ پر ضلع ریاسی میں ترکوٹہ پہاڑیوں کے دامن میں سوا تین کلومیٹر طویل ریلوے ٹنل نمبر ایک کی کھدائی مکمل کی گئی ہے اور اس طرح سے اب ادہمپور۔ سرینگر بارہمولہ ریلوے لائین کے تمام ٹنلوں کی کھدائی مکمل کی گئی ہے اور اب بقایا کاموں کو دن رات کی بنیاد پر نپٹایا جاریا یے اور وزیراعظم کے دفتر سے کشمیر ریل پروجیکٹ کے کام کی براہ راست نگرانی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاسی کے ریلوے ٹنل کو کونکن ریلوے کے ذریعے تعمیر کیا جا رہا ہے اور اسے آرپار کرنے کی تقریب کے موقع پر ممبر ریلوے بورڈ روپ نارائین مورتی ،شمالی ریلوے اور کونکون ریلوے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔