عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر دیوانش یادو نے گزشتہ دو روز کی مسلسل موسلا دھار بارش کے بعد پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے شہر کے متعدد وارڈز کا تفصیلی دورہ کیا۔ ان بارشوں نے نچلے علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے، جہاں عام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی اور گھروں میں پانی و کیچڑ بھرنے سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔ڈاکٹر دیوانش یادو نے راجندر نگر، کینال ہیڈ، پیرکھو مندر کے اطراف، راجیو نگر یونیورسٹی ایریا اور گجر نگر (جو دریائے توی کے قریب واقع ہے) سمیت کئی متاثرہ مقامات کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مقامی لوگوں سے براہ راست ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور یقین دلایا کہ جموں میونسپل کارپوریشن فوری بحالی اقدامات کو یقینی بنائے گی۔مسلسل بارشوں کے نتیجے میں کئی گھروں اور گلیوں میں پانی داخل ہوگیا جبکہ مٹی اور سلٹ جمع ہونے سے رہائشی مقامات ناقابل رہائش بن گئے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کمشنر نے متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں کو ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں کی صفائی اور بحالی کے تمام کام آئندہ 48 گھنٹوں کے اندر مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی گھر یا خاندان نظرانداز نہیں ہونا چاہیے اور شہریوں کی حفاظت جے ایم سی کی اولین ترجیح ہے۔بحالی کے کاموں کو تیز تر بنانے کے لئے جے ایم سی نے اپنی افرادی قوت میں اضافہ کرتے ہوئے اضافی مشینری اور گاڑیاں بشمول ارتھ موورز، سکشن مشینیں اور ڈمپرس تعینات کئے ہیں۔صفائی ستھرائی عملہ جنگی بنیادوں پر ملبہ ہٹانے، بند نالیوں کو کھولنے اور بنیادی سہولیات کی بحالی میں مصروف عمل ہے۔عوامی مشکلات کم کرنے کے لئے شہر بھر میں مفت واٹر ٹینکر سروس بھی شروع کی گئی ہے تاکہ پینے کے پانی کی فراہمی متاثر نہ ہو۔ ڈاکٹر یادو نے بتایا کہ شہریوں کے لئے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کئے گئے ہیں جن پر رابطہ کر کے فوری امداد حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس مقصد کے لئے ٹول فری نمبر 18001807207 فراہم کیا گیا ہے۔کمشنر نے کہاکہ ’’جموں میونسپل کارپوریشن ہر متاثرہ گھرانے کو فوری ریلیف دینے کے لئے پرعزم ہے۔ ہماری ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ شہری سہولیات جلد از جلد بحال ہو سکیں۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ موقع پر موجود عملے سے تعاون کریں اور اپنی ضروریات براہ راست ہیلپ لائن پر درج کرائیں‘‘۔مزید کہا گیا کہ جے ایم سی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور دیگر محکموں کے ساتھ قریبی تال میل بنا کر بروقت اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ برسات کے جاری سیزن میں محتاط رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر کنٹرول روم کو اطلاع دیں۔اس موقع پر ایم ایل اے یدھویر سیٹھی بھی موجود تھے جنہوں نے اپنے حلقہ انتخاب کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کمشنر کے ساتھ کیا اور عوام کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔