سرینگر//مزاحمتی قائدین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاوق اور محمدیاسین ملک،جماعت اسلامی ، جمعیت اہلحدیث ،دختران ملت،نیشنل فرنٹ،مسلم لیگ،ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ، ڈیموکریٹک لبریشن پارٹی ،ووئس آف وکٹمز،مسلم کانفرنس ، محاز آزادی،ینگ مینز لیگ ، تحریک استقامت ، سالویشن مومنٹ ،مسلم پولٹیکل لیگ، اسلامک پولیٹکل پارٹی نے ہایہامہ کپوارہ میں6سالہ کمسن بچی کو جاں بحق کرنے اوردیگر لوگوں کو زخمی کردینے کی کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔مزاحمتی قائدین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاوق اور محمدیاسین ملک نے ہایہامہ میں 6سالہ کمسن بچی کے قتل اور اس کے بھائی کو زخمی کرنے کے خلاف جمعہ 17مارچ کو نماز کے بعد پُرامن مظاہرے کرنے کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بھارتی فوجی سربراہ کی اس دھمکی کی وجہ ہے، جس میں انہوں نے عام نہتے شہریوں کو عسکریت پسندوں کے اپر گراؤنڈ قرار دیکر ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے جاںبحق ہوئے نوجوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ جموں کشمیر میں جو بھی خون خرابہ ہورہا ہے، اس کے لیے صرف بھارتی حکمران ذمہ دار ہیں، جو ملٹری پاور کے ذریعے کشمیریوں کے مطالبہ حقِ خودارادیت کو دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ بیان میں قائدین نے 6سالہ کمسن بچی کے قتل کی کسی غیر جانبدار ادارے کی طرف سے تحقیقات کرائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ’’ ہم اس کسی بھی تحقیقات کو قابل اعتبار قرار نہیں دے سکتے ہیں جو ریاستی انتظامیہ اور حکومت کی نگرانی میں کی جارہی ہو‘‘۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس حوالے سے اپنے آپ کو ہر طرح سے بے اعتبار ثابت کردیا ہے اور اس کی طرف سے تحقیقات کے اعلانات محض سیاست کاری ہوتے ہیں اور ان میں کسی قسم کی سنجیدگی اور کسی قسم کا خلوص نہیں ہوتا ہے۔ لبریشن فرنٹ نے معصوم بچی کوجاں بحق کرنے کی فورسز کے عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس سلسلے میںلبریشن فرنٹ کا ایک وفد جس میں قائد ظہور احمد بٹ، فاروق احمد جنگلی اور عبدالعزیز وغیرہ شامل تھے، نے کنہ نار بٹہ پورہ ہائی ہامہ جاکر لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔لوگوں نے فرنٹ وفد کو بتایا کہ فوج اور فورسز نے عام شہریوں پر بھی اندھا دھند اور بلا اعلان فائرنگ کی اور ایسا لگتا تھا کہ عام لوگ ہی ان کا پہلا ہدف تھے۔ جماعت اسلامی نے معصوم بچی کنیزہ کی ہلاکت اور معصوم لڑکے فیصل کے زخمی ہونے کے دلدوز واقعہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ اس انسانیت سوز واقعہ کا فوری نوٹس لے کر متاثرین کو انصاف فراہم کرنے میں مدد کریں۔ جماعت کے ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی کے مطابق پچھلے کچھ عرصہ سے یہاں سرکاری ظلم و زیادتی کے خلاف احتجاج کرنے وا لوں پر طاقت کا بے تحاشہ استعمال کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا گیا ہے اُس کے نتیجہ میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں اور درجنوں دیگر زخمی کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح سول آبادی کے خلاف فورسز کی طرف سے طاقت کا استعمال مہذب دنیا کے تمام قوانین اور جمہوری اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔جمعیت اہلحدیث نے معصو م بچی کو گولی کا نشا نہ بنا کر اسے جاں بحق کرنے اور اس کے کمسن بھا ئی کو زخمی کر نے کی کا روا ئی پر بر ہمی کا اظہارکر تے ہو ئے اس اقدام کو انتہا ئی جابرانہ قرار دیاہے۔دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی نے کپوارہ معرکہ میں جاں بحق ہوئے تین جنگجوئوںاور 6 برس کی بچی کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان جنگجوئوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 6 سالہ بچی کنیزہ کی جان لینا یہ ثابت کرتا ہے کہ کشمیریوں کو کس قسم کے حالات کا سامنا ہے۔نیشنل فرنٹ چیئرمین نعیم احمد خان نے ہائیگام کپوارہ میں فورسز کے ہاتھوں کمسن کنیزہ کی ہلاکت اور کمسن فیصل کو زخمی کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جبر و ظلم کی تازہ مثال ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ فورسز کو کس حد تک کشمیریوں کو صف ہستی سے مٹانے کی چھوٹ حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ کمسن بچوں پر گولیاں برسانا نہ صرف بین الاقوامی مسلمہ اصولوں کیخلاف ہے بلکہ ایک غیر انسانی حرکت بھی جس کا ارتکاب فوجی آپریشنوں کی آڑ میں کیا جارہا ہے۔انہوں نے بین الاقوامی برادری سے زور دار الفاظ میں اپیل کی کہ وہ کپوارہ واقعہ کا سنجیدہ نوٹس لیکر کشمیر میںبھارتی مظالم بند کروائے۔خان نے ہائیگام کپوارہ میںجاں بحق ہوئے تین عسکریت پسندوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔مسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی،ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ کے ایک دھڑے کے جنرل سیکریٹری خواجہ فردوس وانی، ڈیموکریٹک لبریشن پارٹی کے چیئرمین ہاشم قریشی،سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفراکبر بٹ،ووئس آف وکٹمز کے ڈائریکٹر عبدالقدیرڈار، مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار، محاز آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر،ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی ، تحریک استقامت چیئرمین غلام نبی وار،مسلم پولٹیکل لیگ کے چیئرمین فاروق احمد توحیدی، اسلامک پولیٹکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش نے معصوم بچی کی ہلاکت کوسرکاری دہشت گردی کابین ثبوت قراردیتے ہوئے کہاکہ فوج نے ہایہامہ میں کہرام بپاکرتے ہوئے دومعصوم بھائی بہنوں کو گولیوں کانشانہ بنایا،جسکے نتیجے میں 7سالہ معصوم بچی کنیزہ جاں بحق ہوئی جبکہ اسکابھائی سرینگرکے اسپتال میں موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا ہے ۔انہوں نے کہاکہ فوج کی اس کارروائی پرپردہ ڈالنے کیلئے پولیس نے جھوٹ پرمبنی بیان جاری کرکے یہ تاثردینے کی کوشش کی کہ دونوں بچے آوارہ گولیوں کی زدمیں آئے ۔