سرینگر//دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی نے کٹھوعہ اور جموں میں کمسن آصفہ کے عزت کو تار تار کرنے والے کے حق میں جلوس کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جلوس سے کسی کو حیرت نہیں ہونی چاہئے کیونکہ یہ انتہا پسندوں کا اصلی چہرہ ہے اور معصوموں کی عفت و عصمت کو تار تار کرنا ان کا شیوہ رہا ہے۔ آسیہ اندرابی نے کہا ’’ مسلمانوں کے قاتلوں اور مجرموں کو نہ صرف ترنگے کے سائے میں جگہ ملتی ہے بلکہ ان کی عزت افزائی کی جاتی ہے، اسی لئے کٹھوعہ میں عصمت کے لٹیرے اور معصوم بچی کے وحشیانہ قتل میں ملوث پولیس اہلکار کے حق میں جلوس برآمد کیا گیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس سے بڑھ کر شرم کی بات کیا ہوگی کہ ایک معصوم مسلمان بچی کے قاتل کی پشت پر ہندو انتہا پسند ترنگا لیکر کھڑے ہیں اور کشمیری مسلمانوں کے خلاف ایک جنبش پر بھی سخت ترین کاروائی کرنے والی انتظامیہ اور پولیس خاموش تماشائی کھڑی ہے۔آسیہ اندرابی نے کہا کہ ان جلوسوں میں جو بھارت کی شکل نظر آئی وہی بھارت کی اصل شکل ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے اس واقعہ نے پھر ایک بار ہندوستان کو بے نقاب کردیا دیا ہے ۔آسیہ کے مطابق پاکستان کی طرف دیکھا جائے تو وہاں بھی ایک ایسا ہی معاملہ ایک کمسن بچی زینب کے ساتھ پیش آیا لیکن وہاں جس سرعت رفتاری کے ساتھ مجرم کو قرار واقعی سزا دی گئی وہ بے مثال ہے اور وہاں قوم بھی اس مجرم کے خلاف متحد نظر آئی۔آسیہ نے عوام سے اپیل کی پی ڈی پی، این سی یا دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مکمل سماجی بائیکاٹ کیا جائے کیونکہ وہ ان جرائم کی پشت پناہی کررہے ہیں۔