یو این آئی
نئی دہلی//تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے بدھ سے تجارتی ایل پی جی (کھانا پکانے والی گیس) سلنڈر کی قیمت میں 15.50 روپے فی سلنڈر کا اضافہ کیا۔ قومی راجدھانی میں کل سے 19 کلوگرام کے کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 15.50 روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔ 14.12 کلوگرام گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔ اس سے قبل کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت اس سال مارچ سے لگاتار چھ بار کم کی گئی تھی۔ ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کی ویب سائٹ کے مطابق دہلی میں آج سے ایک کمرشیل ایل پی جی سلنڈر 1580 روپے کے بجائے 1,595.50 روپے میں دستیاب ہوگا۔ ممبئی میں بھی قیمت 15.50 روپے بڑھ کر 1547 روپے ہو گئی ہے ۔ اسی طرح کولکتہ اور چنئی میں کمرشیل ایل پی جی سلنڈر 16.50 روپے مہنگا ہو گیا ہے ۔ اس کی قیمت اب کولکتہ میں 1,700.50 اور چنئی میں 1,754.50 روپے ہو گئی ہے ۔گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت دہلی میں 853 روپے ، کولکتہ میں 879 روپے ، اور ممبئی میں 852.50 روپے پر برقرار ہے ۔ چنئی میں، قیمت 868.50 روپے پر برقرار ہے ۔