نئی دہلی// وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج کہا کہ پاکستان کے دورے پر گئے نظام الدین درگاہ کے دونوں سجادہ نشیں صحیح سلامت ہیں اور وہ کل وطن لوٹیں گے ۔محترمہ سوراج نے ایک ٹویٹ کر کے کہا ہے ،'' میں نے ابھی سیدآصف علی نظامی سے کراچی میں بات کی ہے ۔ وہ صحیح سلامت ہیں اور کل دہلی لوٹیں گے ۔''دونوں ہندوستانی شہریوں کے پاکستان میں لاپتہ ہونے کا معاملہ ہندوستان نے پاکستانی حکومت کے سامنے اٹھایا تھا۔ ان میں 80 سالہ ایک بزرگ سجادہ نشیں ہیں۔وزیرخارجہ نے کہا ہے ،''حضرت نظام الدین اولیا درگاہ کے سجادہ نشیں نظامی 80 سالہ سید آصف علی نظامی اور ان کے بھتیجے ناظم علی نظامی آٹھ مارچ کو پاکستان گئے تھے اور یہ دونوں کراچی ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد مبینہ طور پر لاپتہ ہو گئے تھے ۔''محترمہ سوراج نے اس سلسلے میں کل پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے خارجہ امور کے مشیر وزیر سرتاج عزیز سے بات کی تھی اور ان سے مداخلت کی درخواست کی تھی۔یواین آئی