عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں ہائی کورٹ کے احاطے میں “کلین جموں گرین جموں مہم” اور “ایک پیڑ ماں کے نام” پہل کے تحت ایک شجرکاری مہم چلائی گئی۔چیف جسٹس، ہائی کورٹ آف جموں و کشمیر اور لداخ ارون پلی کی ہدایت اور سرپرستی میں، جسٹس سندھو شرما کی صدارت میں جموں میونسپل کارپوریشن اور شہری جنگلات (جموں ڈویژن) کے اشتراک سے ہائی کورٹ کمپلیکس، جانی پور، جموں میں ایک شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر جسٹس جاوید اقبال وانی، جسٹس محمد اکرم چودھری، جسٹس راہول بھارتی، جسٹس موکشا کھجوریہ کاظمی، جسٹس راجیش سیکھری، جسٹس محمد یوسف وانی اور جسٹس شہزاد عظیم موجود تھے جنہوں نے چنار، گلموکارنڈہ سمیت مختلف اقسام کے سجاوٹی درختوں کے پودے لگا کر شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔صدر جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں نرمل کوتوال اور بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی کے ممبران نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔اس تقریب کا انعقاد گرو پورنیما کو مادر فطرت کے لیے ایک شراکت کے طور پر منانے کے لیے کیا گیا تھا جس کا مقصد عوام کو جموں شہر کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے کے لیے، آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ ماحول پیدا کرنے کی ترغیب دینا تھا۔اس موقع پر سندیپ کور رجسٹرار جوڈیشل ہائی کورٹ جموں ونگ، میانک گپتا جوائنٹ رجسٹرار جوڈیشل/ پروٹوکول ہائی کورٹ جموں ونگ، اجے کمار ایڈیشنل رجسٹرار کے علاوہ رجسٹری کے دیگر افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔ جموں میونسپل کارپوریشن کے افسران بشمول انچارج آئی ای سی جے ایم سی، ڈاکٹر دیویا شرما، ڈاکٹر رابعہ خان اے ایف او، جے ایم سی اور شہری جنگلات ڈویژن جموں کے افسران نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔