سرینگر//ریڈیو کشمیر سرینگر اور ریاستی کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے معروف سٹیج، ریڈیو اور ٹیلی ویژن اداکار فاروق شیخ کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ان کی اعزاز پوشی کے ساتھ ساتھ اُن کے ساتھ خیالات کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام ریاستی کلچرل اکیڈیمی کے صدر دفتر میں واقع سمینار ہال میں’’ نامور‘‘ سیریٖز کے تحت کیا گیا اور اس میں نامی گرامی فنکاروں ، قلمکاروں اور دانشوروں نے حصہ لیا۔ تقریب کے آغاز پر ریڈیو کشمیر سرینگر کے ڈائریکٹر سید ہمایوں قیصر نے پروگرام کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ فاروق شیخ نے گذشتہ تقریباً نصف صدی سے اداکاری کے میدان میں اپنے جوہر دکھائے ہیں اور اُن کی اعزاز پوشی کے لئے اس تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ دوٗر درشن کیندر سرینگر کے سابق سربراہ شبیر مجاہد نے تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فاروق شیخ ہمارے ہم عصر تھیٹر کا ایک اہم نام ہیں اور انہوں نے اپنی خداداد صلاحیتوں سے کام لیکر ریاست میں تھیٹر کو مقبول بنانے میں قابلِ قدر حصہ ادا کیا ہے۔ اس سے قبل اکیڈیمی کی طرف سے استقبالیہ تقریر میں چیف ایڈیٹر محمد اشرف ٹاک نے کہا کہ پروگرام ’’ نامور‘‘ سیریٖز کی 12ویں کڑی ہے اور اس پروگرام نے خاص و عام میں کافی مقبولیت حاصل کی ہے۔ تقریب میں ڈاکٹر سوہن لال کول نے فاروق شیخ کی حیات اور کارناموں کا حاطہ کرنے والا ایک مقالہ پیش کیا۔ سوالات اور جوابات کی نشست میں فاروق شیخ سے اُن کی حیات اور کارناموں پر مختلف سوالات کئے گئے جن کا انہوں نے مفصل جواب دیا۔ تقریب میں اور لوگوں کے علاوہ حسن جاوید، گُل جاوید، فرحت صدیقی، یوسف شاہین ، نثار نسیم، معراج الدین احمد، ڈاکٹر سید افتخار، سلیم سالک اور جمیل انصاری وغیرہ شامل تھے۔ شکریہ کی تحریک ڈاکٹر ستیش ومل نے پیش کی جبکہ نظافت کے فرائض رشید نظامی نے انجام دئے۔