ڈوڈہ //ضلع میں آرٹ اور کلچر سے دلچسپی رکھنے والوں کو مبینہ طور نظر انداز کرنے پر جموں و کشمیرکلچرل اکیڈمی سب آفس ڈوڈہ پر امتیاز کا الزام لگایا ہے۔یہاں موصولہ ایک پریس ریلیز کے مطابق کلچرل اکیڈمی نے مو رخہ 28جنوری2018 کو ٹائون ہال ،ڈوڈہ میں ’’اُردو مشاعرہ‘‘ منعقد کیا تھا لیکن ان کلاکاروں میں سے کسی کو بھی اس پروگرام کی کوئی اطلاع نہیں تھی،جیسا کہ ٹائون ہال میں کھینچی گئی تصویر وں سے عیاں ہے کہ پروگرام میں فقط کچھ گنے چنے شرکا ہی تھے اور سامعین بھی قلیل تعداد میں ہی تھے۔ مقامی شاعر فرید احمد زرگر کے مطابق متعلقہ افسران شروع سے ہی آرٹ و کلچر میں دلچسپی رکھنے والے لوگوں کو نظر انداز کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سب ۔آفس ڈوڈہ کی جانب سے متعدد پروگرام منعقد کئے جا تے ہیںلیکن صرف چنیدہ افراد کو ہی مدعو کیا جاتا ہے۔ سماجی کارکن اشتیاق احمد دیو نے سب آفس ڈوڈہ پر بدنظمی اورجانبداری کا الزام لگا یا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ مواقع مہیا کرنے اور نوجوان کلاکاروں کی حوصلہ افزائی کے بجائے اکیڈمی کلاکاروں کو نظر انداز کر رہی ہے۔ڈی آر وائی ڈبلیو اے کے صدر فرید احمد نائیک نے بھی کلچرل اکیڈمی سب۔ آفس ڈوڈہ کے کام کرنے کے طریقہ کا رکی مذمت کی ہے۔انہوں نے ا س سلسلہ میںانتظامیہ اورمتعلقہ اعلیٰ حُکام سے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔