جموں//جموں وکشمیرکلچرل اکادمی کی جانب سے دوروزہ گوجری لٹریری وکلچرل کانفرنس کااہتمام کیاگیا جس میںریاست کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے گوجری زبان ادباء، شعراء اورفنکاروں وقبائلی طبقہ کی معززشخصیات نے شرکت کی۔اس دوران معروف گوجری ادیب چوہدری امین قمرنے تقریب کی صدارت کی جبکہ سیکریٹری کلچرل اکادمی ڈاکٹرعزیزحاجنی ،ڈاکٹرجاویدراہی چیف ایڈیٹر شعبہ گوجری کلچرل اکادمی ،ڈاکٹررشیدچودھری، چوہدری جماعت ودیگران ایوان صدارت میں موجودتھے۔ڈاکٹرعزیزحاجنی نے کہاکہ گوجری ریاست کی امیرترین ادب کاذخیرہ رکھنے والی زبان ہے ۔انہوں نے گوجری ادباء وشعرا پرزوردیاکہ وہ گوجری کوسکولی نصاب میں شامل کرانے کیلئے جدوجہدکریں ۔انہوں نے کہاکہ اکادمی کیشعبہ گوجری نے گذشتہ چندبرسوں میں گوجری زبان و ادب کوفروغ اوراس کے تحفظ کیلئے ناقابل فراموش کام کیاہے۔انہوں نے گوجری ادباء پرزوردیاکہ وہ کلچرل اکادمی کوگوجری کی ترویج کیلئے کام کرنے میں تعاون دیں۔ڈاکٹرجاویدراہی چیف ایڈیٹر ریاستی کلچرل اکادمی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہاکہ گوجری ریاست میں تیزی سے ترقی کرنے والی زبان ہے ۔انہوں نے دوروزہ ادبی کانفرنس کے انعقاد کے مقاصدبھی شرکاء کے سامنے پیش کئے۔چوہدری امین قمرنے اپنے خطاب میں کلچرل اکادمی کے گوجری زبان کی ترقی میں رول کوسراہا ۔انہوں نے کہاکہ گوجری کوشناخت دلانے میں ادباء وفنکاروں نے کلیدی رول اداکیاہے۔ڈاکٹررشیدچودھری نے کہاکہ گوجری زبان کے دانشوروں نے پسماندہ طبقہ کے لوگوں کی رہنمائی کرنے میں اہم کام کیاہے ۔انہوں نے اکادمی کی جانب سے دیہی علاقوں میں ادبی تقریبات منعقدکرانے کی کاوشوں کوبھی سراہا۔افتتاحی سیشن کے بعد پانچ اسکالروں نے مقالات پیش کئے جوگوجروں کی تاریخ ، زبان، ثقافت، لوک ورثہ سے متعلق تھے ۔اس موقعہ پرڈاکٹرجہانگیراصغر،منشی خان چوہدری، بابونورمحمدنور،چوہدری حمیدکسانہ،چوہدری غلام حسین ضیاء ، چوہدری اشتیاق بھٹی، غلام سرورچوہان ودیگران نے بھی خیالات کااظہارکیا۔موسیقی کے پروگرام میں پروینہ چودھری ، شبینہ چودھری، فرح چوہدری ودیگرفنکارون نے سامعین کواپنی جادوائی آوازسے محظوظ کیا۔ڈاکٹرشاہنوازکھٹانہ ایڈیٹر کم کلچرل آفیسرنے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیئے جبکہ ریسرچ اسسٹنٹ گوجری محمودریاض چوہان نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔