غلام نبی رینہ
کنگن/ گنڈ کے کلن علاقے میں’ اے ٹی ایم ‘کی عدم دستیابی سے مقامی لوگوں اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ کلن گنڈ علاقے میں اگرچہ گذشتہ برس جموں کشمیر بنک کی طرف سے ایک بنک شاخ کھولا گیا جس سے یہاں کی ایک وسیع آبادی کے ساتھ ساتھ تجارت پیشے سے وابستہ افراد کو راحت ملی تھی تاہم اے ٹی ایم کی عدم دستیابی سے ملازمین، تجارت پیشے سے وابستہ افراد اور سیاحوں کو رقومات نکالنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔محمد شفیع نامی ہوٹل مالک نے کہا کہ ’ اے ٹی ایم ‘سے رقومات نکالنے کے لئے گنڈ یا سونہ مرگ جانا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ان کا قیمتی وقت جہاں ضائع ہوجاتا ہے وہی نقصانات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کلن علاقے سونہ مرگ شاہراہ پر واقع ہے جہاں پر روزانہ سیاحوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے جبکہ علاقے میں ایک تعمیراتی کمپنی کام کررہی ہے جس میں سینکڑوں محنت کش،انجینئر اور دیگر عملہ کام کرتاہیں جن کو ضرورت کے وقت رقومات نکالنے کے لئے گنڈ جانا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے جموں کشمیر بنک کے چیرمین سے مطالبہ کیا ہے کہ کلن علاقے میں ایک’ اے ٹی ایم‘ نصب کیا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے