کلسٹر یونیورسٹیوں کے کام کاج کا جائیزہ

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
 جموں//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے سرینگر اور جموں کی کلسٹر یونیورسٹیوں کے وایس چانسلروں سے کہا ہے کہ وہ انتہائی ہُنر مند اور تحقیق یافتہ افرادی قوت تیار کرنے کی طرف خصوصی توجہ دیں کیونکہ یہی ان یونیورسٹیوں کا بنیادی مقصد ہے ۔ وزیر موصوف نے یہاں ان دو یونیورسٹیوں کے کام کاج کا جائیزہ لینے کی غرض سے منعقدہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان دو اداروں کو ریاست کے جدید تعلیمی مراکز کے طور ابھارنے کیلئے تندہی اور لگن کے ساتھ کام کرنا چاہئیے ۔ پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اصغر سامون ، وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی جموں انجو بھسین اور وایس چانسلر سرینگر کلسٹر یونیورسٹی پروفیسر جاوید احمد شیخ کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ ریاستی قانون سازیہ کی طرف سے پاس کئے گئے ایک قانون کے ذریعے سے جموں اور سرینگر میں قایم ان دو یونیورسٹیوں کیلئے راشٹریہ اچتر سکھشا ابھیان کے تحت 110 کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں ۔ الطاف بخاری نے بنیادی ڈھانچے کے کاموں کی رفتار کا جائیزہ لیتے ہوئے اس عزم کو دوہرایا کہ حکومت ان یونیورسٹیوں کو تحقیق ، جدید تعلیم اور روز گار پر مبنی کورسز کو بڑھاوا دینے کے اہم مراکز کے طور سامنے لانے کی متمنی ہے ۔ میٹنگ میں ان یونیورسٹیوں کے کئی دیگر امور کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ وزیر نے یونیورسٹیوں سے کہا کہ وہ نرسنگ کالجوں کو شروع کرنے کا عمل جلد از جلد مکمل کریں ۔ وزیر نے یقین دلایا کہ حکومت منسلک کالجوں کو معیار کی نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے یونیورسٹی کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ 
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *