کلر موڈا نالہ میں پھنسے سکولی بچوں اورخواتین کو بچا لیا گیا عبور ومرور آسان و محفوظ بنانے کیلئے نالہ پر پُل تعمیر کرنے کا مطالبہ

 جاوید اقبال

مینڈھر//مینڈھر کے علاقہ کلر موڈا کے نالہ میں سوموار کی شام کو پھنسےچار سکولی بچوں سمیت دو خواتین کو بچا لیا گیا البتہ مقامی لوگوں نے حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہاں کوئی بڑا حادثہ بھی ہو سکتا تھا کیونکہ اس نالے پر آج تک پل نہیں بنایا گیا۔طوفانی بارشوں کے دوران متعدد سکولی بچے کلر موڈا نالہ میں پھنس گئے جنہیں مقامی لوگوں کی مدد سے بچا لیا گیا۔اس دوران لوگوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ اس مقام پر ایک پل تعمیر کیا جائے تاکہ بارشوں کے موسم میں لوگ اور خاص طور پر بچے اور خواتین آسانی سے عبور ومرور کر سکیں۔اس موقعہ پر سابقہ سرپنچ نور احمد چودھری نے کشمیر عظمٰی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تین بڑی پنچایتوں کے لوگوں اُور اسکولی بچوں کو یہ دریا کراس کرنا پڑتا ہے کیونکہ تحصیل دفتر ،ہسپتال اُور اسکول بھاٹہ دوڈیاں علاقہ میں میں ہیں جس کی وجہ سے اسکولی بچوں کے ساتھ ساتھ ہر آدمی کو بارشوں کے دنوں میں کئی قسم کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اُنکا کہنا تھا کے انتظامیہ کو فوری طور دریا کے اوپر پُل تعمیر کیا جائے تاکہ کسی بھی آدمی کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔