بروقت کارروائی سے بحال،لوگوں نے سڑک کو مزید کشادہ کرنے کا مطالبہ کیا
سمت بھارگو
راجوری//کلر چو ک پر جموں۔راجوری۔پونچھ قومی شاہراہ کو جوڑنے والی اہم سڑک، جو کری، ڈھونگی اور اگراتی علاقوں کے دو درجن سے زیادہ دیہات کو راہ فراہم کرتی ہے، اتوار کی شام پسیاں گرنے سے بند ہوگئی۔ یہ واقعہ چور گلہ کے مقام پر پیش آیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سرکاری ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ریسکیو مشینری کی مدد سے شام دیر گئے تک ملبہ جزوی طور پر صاف کر کے ایک طرفہ ٹریفک بحال کیا گیا۔ پیر کی صبح پوری سڑک مکمل طور پر صاف کر لی گئی اور ٹریفک معمول پر آگیا۔اہلکاروں نے بتایا کہ پسیاں گرنے کے سبب کچھ وقت کے لئے صورت حال بے قابو رہی، لیکن بی آر او کی بروقت کارروائی نے نہ صرف مسافروں کو مزید پریشانی سے بچایا بلکہ دور دراز دیہات کے لوگوں کے لئے واحد رابطہ سڑک کو بھی بحال کر دیا۔کانگریس لیڈر انیس کسانہ نے بی آر او کی تیز رفتار کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سڑک نہ صرف مقامی دیہات بلکہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دیہات کے لئے بھی زندگی کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’اگر یہ سڑک بند ہو جاتی ہے تو لوگوں کا جینا مشکل ہو جاتا ہے، بروقت بحالی نے سب کو راحت پہنچائی ہے‘‘تاہم انہوں نے مزید کہا کہ چور گلہ کے مقام پر سڑک اب بھی تنگ اور بھیڑ بھاڑ کا شکار ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سڑک کو مزید چوڑا کیا جائے تاکہ مستقبل میں پسیاں گرنے یا ٹریفک دباؤ کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مقامی لوگوں نے بھی کہا کہ یہ سڑک روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ ہے کیونکہ اسی کے ذریعے زرعی پیداوار، اشیائے ضرورت اور مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس اہم رابطہ سڑک کو پائیدار اور محفوظ بنانے کے لئے مستقل اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ بار بار اس طرح کی صورتحال پیدا نہ ہو۔