سرینگر//نیشنل کانفرنس کی طرف سے آثار شریف شہری کلاش پورہ کے صحن میں ایک طبی کیمپ کا انعقادکیا گیا جس میں علاقے کے سینکڑوں افراد کو مفت علاج و معالجہ کی سہولیات میسر رکھی گئیں۔ یہ کیمپ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر(ایم ایل اے خانیار) نے سی ایم او سرینگر اور زونل میڈیکل آفیسر کے اشتراک سے منعقد کرایا تھا۔ کیمپ میں پرائمری ہیلتھ سنٹر ایس آر گنج کے ڈاکٹروں نے سینکڑوں لوگوں کا معائینہ کیا اور ان کا علاج و معالجہ کرنے کے علاوہ انہیں مفید مشورے بھی دئیے۔ کیمپ میں 3لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مختلف اقسام کی ادویات بھی مفت تقسیم کی گئیں۔ کیمپ کا معائینہ کرنے کے دوران علی محمد ساگر نے کہا کہ سماج کے پسماندہ طبقوں کیلئے صحت کی دیکھ بال کے لئے کم ذرائع ہوتے ہیں اور ایسے لوگوں کیلئے اس طرح کے میڈیکل کیمپوں کا انعقاد کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میڈیکل کیمپوں کے انعقاد سے ایسے لوگوں کو بھی علاج و معالجہ کی سہولیات میسر ہوتی ہیں جو مختلف وجوہات کی بنا پر اپنا چک اَپ نہیں کروا پاتے ہیں ۔