حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ میں ہونے والی شدید بارش نے کلائی گاؤں کے رہائشی محمد شریف اور محمد دین کو بے گھر کر دیا۔ ان دونوں اشخاص کے مکانات بارش کے باعث آنے والی پسی کی زد میں آکر مکمل طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔ اس واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) پونچھ، وکاس کنڈل کی ہدایات پر نائب تحصیلدار چنڈک، نصیر احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کلائی گاؤں کا دورہ کیا اور ہوئے نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا۔نائب تحصیلدار نے میڈیا کو بتایا کہ انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔ فی الحال، ریڈ کراس کے تحت انہیں خیمے اور دیگر ضروری سامان مہیا کروایا جا رہا ہے تاکہ وہ عارضی طور پر رہ سکیں۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ متاثرین کی بحالی کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ شدید بارشوں کے باعث ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی نقصانات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اور انتظامیہ ان علاقوں میں بھی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔ بارشوں کے پیش نظر، شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔