جموں//حکمران اتحاد کے مابین بڑھتی کشیدگی کے دوران وزیر خزانہ اور سینئر پی ڈی پی لیڈر حسیب درابو سنیچر کی شام اچانک بی جے پی کے ریاستی صدر دفتر میں وارد ہوئے اور وہاں رام مادھو کے ساتھ بند کمرے میں میٹنگ کی، جو قریب ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی، اس دوران پارٹی کے قومی نائب صدر اور جموں کشمیر امور کے انچارج اویناش رائے کھنہ بھی موجود تھے۔ اس کے فوراً بعد پولیس سربراہ ششی پال وید بھی بی جے پی دفتر پہنچے اور رام مادھو کے ساتھ بات چیت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ رام مادھو کی حسیب درابو اور پولیس سربراہ کے درمیان ہوئی میٹنگ میں وادی کی موجودہ صورتحال زیر بحث رہی اس کے علاوہ کونسل انتخابات کے دوران پیدا شدہ تنازعہ ، بی جے پی وزیر چندر پرکاش گنگا کا متنازعہ بیان اور کونسل ممبران کی رسم حلف برداری سے پی ڈی پی کے بائیکاٹ کے مسئلہ پر بھی ان کے درمیان تبادلہ خیال ہوا ۔ اس کے علاوہ رام مادھو نے پی ڈی پی لیڈر اور پولیس سربراہ کو گزشتہ روز دہلی میں بھاجپا کی کور گروپ میٹنگ میں جموںکشمیر کے حوالہ سے لئے گئے فیصلوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ رابطہ قائم کرنے پر پولیس سربراہ نے رام مادھو کے ساتھ ہوئی میٹنگ پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیاتاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وادی کی ابتر ہورہی صورتحال اور اس سے نپٹنے کے لئے اپنائی گئی حکمت عملی کے بارے میں مرکز اور پارٹی کی ناراضگی کے بارے میں پولیس سربراہ کو آگاہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ سیاسی اورسیکورٹی صورتحال کے بارے میںرام مادھو اور حسیب درابو کے مابین میٹنگ کا فیصلہ دہلی میں ہی کیا گیا تھا اور اس کے بارے میں پردیش بھاجپا کو بھی آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ تاہم میٹنگ کے بعد اویناش رائے کھنہ نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ انہوںنے حسیب درابو کے ساتھ وادی کی موجودہ صورتحال پر گفت و شنید کی ہے جب کہ پولیس سربراہ کے ساتھ پارٹی کے قومی صدر امت شاہ کے آئندہ 29سے شروع ہونے والے دور وزہ دورہ کے بارے میں بات چیت کی گئی۔