پونچھ//حدِ متارکہ پر جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پونچھ کی معروف ادبی شخصیت کے کے کپور نے کہا ہے کہ کشیدگی کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں ہو سکتی ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کی فوجوں کی جانب سے رہائشی علاقوں پر بمباری کر کے معصوم شہریوں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے جو جنگی جرائم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے سرجیکل سٹرائک کے دعوے کے بعد حالات حدِ متارکہ پر حالات انتہائی کشیدہ ہیںاور اس دوران معصوم شہریوں کو دونوں طرف سے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگوں کو اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ لینی پڑ رہی ہے جبکہ پالتو جانور بڑی تعداد میں مرتے جارہے ہیں۔انہوں نے دونوں ممالک کی فوجوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ بیان بازی کے بجائے بات چیت سے مسائل کا حل نکالیں کیونکہ جنگ سے تباہی کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست جموں و کشمیر میں چاروں طرف آگ بڑھکی ہوئی ہے اور لوگ ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ کے کے کپور کاکہناتھاکہ ہمیں سوچنا چاہئے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لئے کیا چھوڑ کر جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسکولوں کو جلانا، تاریخ ساز عمارتوں کو نقصان پہنچانا ، سرکاری دفاتر اور املاک کو نقصان پہنچاناتباہ کن ہے ۔ان کاکہناتھاکہ ریاست بھر میں امن و امان کا ماحول بحال کیاجاناچاہئے ۔