سرینگر//نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ آنجہانی کشوک بکولا کی خدمات مثالی ہے جن کے بارے میں نوجوان کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ رنپوچے جدید لداخ کے معمار ہیں۔پدم بھوشن کشکو ک بکولا رنپوچے کی صد سالہ یوم پیدائش کے سلسلے میں لیہہ میں منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیرا علیٰ نے ان خیالات کا اظہار کیا۔اس موقعہ پر امداد باہمی کے وزیر چیرنگ دورجے ، لداخ خود مختار ترقیاتی پہاڑی کونسل کے چیف ایگزیکٹیو کونسلر ڈاکٹر سونم داوا ،ممبر اسمبلی لیہہ ریگزن جورا اور دیگر سینئر افسران اور معززین موجود تھے۔نائب وزیرا علیٰ نے کہا کہ آنجہانی رنپوچے لداخی سماج کے بدلائو کیلئے ذمہ دار تھے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے لداخ خطے کی جدید یت کی داغ بیل ڈالی اور اس خطے کی ترقی کے لئے اُن کی خدمات کے لئے انہیں آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ جدید نظرئیے کے لئے ہمیں آنجہانی لیڈر کا شکر گزار رہنا چاہئے جنہوں نے اس پہاڑی خطے کے بدلائو کے لئے کافی کام کیا۔ نائب وزیرا علیٰ نے کہا کہ نوجوان نسل کو رنپوچے کی تعلیمات پر عمل پیر ا ہونا چاہئے۔لداخ خطے میں جاری مختلف ترقیاتی اقدامات اور سکیموں کا تذکرہ کرتیہ وئے نائب وزیرا علیٰ نے کہا کہ تواریخی لیہہ اور کرگل قصبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور انہیں پہلے ہی امرت مشن کے دائرے میں لایا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ لیہہ میں شہری سیکٹر کے تحت 15,20 کروڑ روپے جبکہ کرگل خطے کیلئے 12.26کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں۔ڈاکٹر سنگھ نے افسران کو خطے میں بجلی کی سپلائی میں معقولیت لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیاحتی سیزن کے مد نظر بجلی کی دستیابی کا فی اہم ہے۔انہوںنے کہا کہ سرکار نے پہلے ہی بجلی شعبے کی بہتری اور بجلی سہولیت سے محروم علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے جامع پروگرام شروع کیا ہے۔دین دیال اپادھیائے گرام جوتی یوجنا کا تذکرہ کرتیہ وئے نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سکیم کے تحت ریاست میں بغیر بجلی والی آبادیوں کو بجلی فراہم کی جائے گی اور لیہہ اور کرگل خطوں کے لئے اس حوالے سے بالترتیب 48.47کروڑ روپے اور 42.44 کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بجلی کی فراہمی میں بہتر ی لانے کے لئے 200کے وی ٹرانسمیشن لائن بچھائی جارہی ہے۔انہوںنے کہا کہ لیہہ سے نوبرا تک ٹرانسمیشن لائن کو 123.19کروڑ روپے جب کہ کرگل ۔ زنسکار ٹرانشمیشن لائن کو 217.91کروڑ روپے کی لاگت سے نصب کیا جارہا ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے رنپوچے کی یوم پیدائش پر لداخ کے عوام کو وزیر اعظم کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔