اسلام آباد// پاکستان نے بھارت سے کشن گنگا ڈیم اور دیگر دریائوں میں پانی کے بہائواور اخراج کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے جبکہ پاکستان نے 330 میگاواٹ ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے کے معائنے کے لیے بھی تاریخیں طلب کی ہیں جس کے لیے لاہور میں بھارت نے اتفاق کیا تھا۔انڈس واٹر کیلئے پاکستانی کمیشن کے سربراہ سید محمد مہر علی شاہ نے کہا کہ ‘ہم نے حال ہی میں انڈس واٹر سے متعلق بھارتی حکام سے کشن گنگا ڈیم کے معائنے کے لیے فوری طور پر تاریخ دینے کے لیے تحریری مطالبہ کیا تھا‘۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے خط میں بھارتی حکام کو سندھ طاس معاہدے کے تحت دریا اور ڈیم میں پانی کے اخراج اور بہائوکے حوالے سے دستاویزات فراہم کرنے کے لیے بھی کہا تھا‘۔سید محمد مہر علی شاہ نے کہا کہ ‘ہمیں جہلم کے علاقے میں یہ پانی موصول ہوتا ہے لیکن ہمیں اپنے ضرورت کے تعین کے لیے دستاویزات درکار ہیں اور بھارت وقت کے ساتھ ساتھ ہمیں فراہم کرنے کا پابند ہے‘۔