سرینگر//نیشنل کانفرنس لیڈر ایڈوکیٹ نظیر احمد ملک نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشن گنگا پن بجلی پروجیکٹ شروع ہونے سے پہلے ہی ٹنل سے پانی کا اخراج ہورہا ہے اور علاقہ خطرے میںہے۔ایڈوکیٹ ملک نے کہا کہ اب لوگوں کے میوہ باغات اورزرعی زمین سے بھی پانی کااخراج ہونے لگا ہے جس کے سبب پورے علاقے کے لوگوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔انہوںنے کہا کہ جان بوجھ کر عوام کو مرنے کے لئے چھوڑ دیا گیا۔انہوں نے این ایچ پی سی او ر ایچ سی سی کو ایسٹ انڈیا کمپنی کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلے لوگوں کی اراضی کو معمولی داموں خرید کرپورے ماحول کو تہس نہس کیا گیا اور اب جان و مال بھی مکمل خطرے میں ہے۔ایڈوکیٹ ملک نے کہا کہ ماہرین کی ایک ٹیم نے کرالہ پورہ جاکے حالات کا جائیزہ لیا اور یہ پایا گیاکہ اگر اسی طرح پانی رسنا جاری رہا تو سارے باغات مکمل طور تباہ ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اب تک سینکڑوں کنال اراضی میں پانی داخل ہو چکا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے اور دھیرے دھیرے یہ پانی پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے گامگر اس کے باوجود این ایچ پی سی حکام اور سرکار کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔