امرتسر//دل خالصہ پارٹی لیڈران، ایچ ایس دامی اور کنول پال سنگھ نے حزب کمانڈر برہان وانی کوخراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے اس بہادر بیٹے نے تحریک آزادی میں ایک نئی جان پھونک دی ہے۔خالصہ لیڈران نے کہا کہ کشمیر میں تحریک آزادی کونئے سرے سے ابھارنے کیلئے چنگاری کی ضرورت تھی اور برہان وانی کی موت نے وہ کام انجام دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ برہان کشمیری عوام کے دلوں اور دماغ میں رہتا ہے ، لوگ اس سے محبت کرتے ہیں اور تحریک آزادی میں اس کے رول کو سراہتے ہیں۔ کشمیر ی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے آزاد ی پسند سکھ لیڈران نے کہا کہ پنجاب کے لوگ کشمیریوںکے دکھ درد میں برابر شریک ہیں۔ انہوں نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ خاموشی توڑ کر اقتصادی فوائد سے اوپر اٹھکر کشمیر مسئلہ کو حل کرکے یہاں کے لوگوں کو حق خود اداریت دلائیں۔