سرینگر //سائنس اور ٹکنالوجی سے ملک کی ترقی کے موضوع پر دوروزہ قومی سمینار کا آغاز سوموار کو کشمیر یونیورسٹی میں شروع ہوگیا ۔ سمینار کاانعقاد انڈین سائنس کانگریس ایسوسی ایشن (سرینگر) نے کیا ہے جبکہ سمینار میں کشمیر یونیوسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر خورشید اقبال اندرابی نے میزبان کے فرائض انجام دئے جبکہ آئی ایس سی ائے کے صدر پروفیسر اشوک کمار سکسینہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب کے دوران پروفیسر سکسینہ نے کہا کہ با معنی تعلیمی مباحثوں کا سب سے زیادہ فائدہ طلبہ اور سکالروں کا ہوتا ہے جو سال بھر کے سائنسی منصوبے اپنی ہاتھوں میں لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت واحد ملک ہے جس کی 35فیصد آبادی 35سال کی عمر سے کم ہے اور یہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو مختلف شعبہ جات میں آگے بڑھنے کا موقعہ فراہم کرتا ہے اور یہ نوجوان آنے والے وقت میں بین الاقومی سطح کے لیڈران ثابت ہوسکتے ہیں۔ اپنے صدارتی خطبے میں پروفیسر اندرابی نے کہا کہ قدرت کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے اور قدرت کے منافی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم اس بات پر یقین کرنا شروع کردیں گے کہ قدرت سب سے بڑی قدرتی الہام ہے تو مستقبل میں اس کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ تقریب میں پروفیسر پریم مندو پی ماتھور جنرل سیکٹری(آئی ایس سی ائے)، پروفیسر گنگادھر جنرل سیکریٹری اور سائنسدان بھی موجود تھے۔