سرینگر//کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ درس و تدریس سے وابستہ ڈاکٹر احتشام الحق اور اعجاز محمد پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جماعت اسلامی کے مرکزی دفترباراں پتھر بتہ مالو میں امیر جماعت اسلامی غلام محمد بٹ اور دیگر مرکزی ذمہ داروں سے ایک طویل نشست کی۔ نشست میں ریاست میں تعلیمی احوال علی الخصوص رواں عوامی جدوجہد کے دوران اس حوالے سے درپیش مسائل پر سیر حاصل گفتگو ہوئی اور تعلیم کے فروغ کی خاطر ممکنہ اقدامات نیز اس حوالے سے جماعت اسلامی کے رول کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ دنیوی علوم کے ساتھ ساتھ دینی علوم کی اشاعت کی خاطر مختلف توسیعی پروگراموں کے علاوہ جدید طرز تعلیم کو بھی زیر غور لایا گیا۔ ریاست کے دور دراز علاقوں میں لوگوں میں علمی رجحانات کے فروغ نیز طالبین علم کے اندراعلیٰ پیشہ ورانہ علوم میں مہارت کے حصول کا جذبہ بڑھانے کے لیے بھی تجاویز پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ امیر جماعت نے اسلام کی روشنی میں حصول علم کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے وفد کو اس بات کا یقین دلایا کہ عوام کے اندر علم کے پھیلاؤ اور فروغ کی خاطر تمام اقدامات کو بھرپور تعاون حاصل ہوگا نیز وفد کو یہ جانکاری بھی دی کہ جماعت نے ریاست بھر میں تعلیم کے فروغ کے لیے اول روز سے ہی کیا کیا اقدامات کیے اور اس وقت بھی جماعت براہ راست یا بالواسطہ کتنے تعلیمی اداروں کو چلا رہی ہے۔ گفتگو کے دوران کئی اہم تجاویز پر اتفاق رائے بھی ہوگیا جن کے ذریعے حصول تعلیم کو فروغ حاصل ہوگا۔