جموں//گورنر اور کشمیر یونیورسٹی کے چانسلر این این ووہرا نے کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پر وفیسر خورشید اقبال اندرابی کو یونیورسٹی میں تعلیم اور تحقیق کا اعلیٰ معیار قائم کرنے پر توجہ دینے کی تلقین کی۔میٹنگ میں وزیر تعلیم محمد الطاف بخاری بھی موجود تھے۔چانسلرنے وائس چانسلر کو کئے گئے کاموں اور حاصل کئے گئے اہداف کی تشہیر کرنے کی تلقین کی تاکہ یونیورسٹی کے اقدامات کے بارے میں بیداری پیدا کی جاسکے ۔چانسلر نے QS-BRICS عالمی درجہ بندی میں 200 سرفہرست اداروں میں اپنی جگہ بنانے اور نیشنل انسٹی چیویشنل رینکنگ فریم ورک 2017ء میں 73واں مقام حاصل کرنے پر یونیورسٹی کو مبارک باد دیتے ہوئے تعلیم کے ساتھ تحقیق پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی تاکہ مستقبل میں رینکنگ میں مزید بہتری آئے ۔ اہم شعبوں میں ایکشن ٹیکن رپورٹوں کا جائزہ لیتے ہوئے چانسلر نے سماجی اہمیت کی حامل تحقیق پر توجہ برقرار رکھنے کی بات دُہراتے ہوئے کھیل کود اور غیر نصابی سرگرمیوں پر توجہ دینے کی تلقین کی۔ پروفیسر اندرابی نے امتحانات کے انعقاد اور یونیورسٹی کی پالیسیوں ، تعینایتوں اور دیگر اہم امور میں شفافیت کے حوالے سے کونسل کو مطلع کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت 212 تحقیقی پروجیکٹ جاری ہیں اور اکتوبر 2016 ء ۔مارچ 2017 کے دوران 3بھرتی مہمات کے دوران 56 تعیناتیاں عمل میں لائی گئیں۔کونسل نے یونیورسٹی کے دیگر اہم امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ میں انڈین انسٹی چیوٹ آف کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر چیتن سنگھ، وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر آر ڈی شرما ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولہ ، سیکرٹری فائنانس نوین چودھری ، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اصغر سامون اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔