سرینگر// کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے جمعہ کو یونیورسٹی کے زکورہ کیمپس میں ایک اور شجرکاری مہم کی قیادت کی۔ ’گرین کیمپس' مہم کے تحت شیخ العالم بائز ہوسٹل کے لان میں منعقدہ شجر کاری مہم کا انعقادسوشل فارسٹری ڈویژن سرینگر کے تعاون سے کیا گیا۔اس موقع پر ماہرین تعلیم ، افسران اور ہوسٹل میں رہایش پذیر طلبا سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر طلعت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ درخت لگانے سے آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات کو دور کرنے میںمدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر مختلف قسم کی آفات کا شکار ہے ، جس میں بارش کا سیلاب ، لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا ، "جنگلات کی کٹائی اور اس کے نتیجے میں مٹی کے کٹاؤ کو روکنے کے لئے بڑے پیمانے پر شجرکاری ضروری ہے۔پروفیسر طلعت نے اس موقع پر درختوں کے پودے بھی لگائے۔کے یو رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر نے کہا کہ اس طرح کے شجرکاری اقدامات طلباء کی قیادت میں ایک تحریک بننا چاہئے تاکہ معاشرہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت سے واقف ہوجائے۔سوشل فارسٹری کے ریجنل ڈائریکٹر ،معراج الدین ملک نے کہا کہ ان کا محکمہ سری نگر اور کشمیر ڈویژن کے دیگر تمام اضلاع میںشجر کاری کے لئے انتھک کوشش کر رہا ہے۔اس موقعہ پر پروفیسر شیخ محمد اعجاز ،ر ڈین ریسرچ پروفیسر شکیل اے رومشو ، پروفیسر شوکت اے شاہ ، پروفیسر سید مظفر اندرابی کے علاوہ دیگر کئی ماہرین تعلیم بھی موجود تھے۔