سرینگر// کشمیر یونیورسٹی کیمپس میں8روز سے جاری یوتھ فیسٹول ’سونزل 2017‘کل اختتام پذیر ہوا ۔اختتامی تقریب پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر خورشید اقبال اندرابی مہمان خصوصی تھے جبکہ رجسٹرار خورشید احمد بٹ اور ڈین ریسرچ پورفیسر ظفر احمد ریشی مہمان ذی وقار کی حیثیت سے تقریب میں موجود تھے ۔فیسٹول میں40ڈگری کالجوںاور یونیورسٹی کے 45شعبوں کے سینکڑوں طلاب نے بحث و مباحثہ، پینٹنگ ،کوئز ،کارٹون اور پوسٹر بنانے ،فوٹو گرافی ،موسیقی اور دیگر مقابلوں میں حصہ لیا۔اس موقعہ پر وائس چانسلرپروفیسر خورشید اقبال نے کہا کہ یوتھ فیسٹول کے دوران مختلف شعبوں کے طلاب کو ایک دوسرے کے خیالات جاننے اوراپنی صلاحیتوں کو دکھانے کا موقعہ ملا ۔انہوں نے ایورڈ حاصل کرنے والے طلاب کو مبارکباد دی ۔ کلچرل آفیسر شاہد علی خان نے بتایا کہ فیسٹول میں جیت درج کرنے والے طلاب جنوری 2018میں نارتھ انڈیا سطح کے یوتھ فیسٹول میں حصہ لیں گے ۔