کشمیر یونیورسٹی میں سائیکل ریس کا انعقاد ،فاتحین میں انعامات تقسیم

 عظمیٰ سپورٹس ڈیسک

سری نگر //کشمیر یونیورسٹی کیمپس میں کل مرد اور خواتین دونوں کے لیے ایک ‘انٹر ڈپارٹمنٹ سائیکل ریس’ کا انعقاد کیا۔مختلف شعبہ جات اور سیٹلائٹ کیمپس کی نمائندگی کرنے والے 47 طلباء نے مقابلے میں حصہ لیا، جن میں 32 لڑکے اور 15 لڑکیاں شامل ہیں۔ مہاراشٹر کے پروفیسر آشیش نٹکر، جو ایک بین الاقوامی جمناسٹک کوچ بھی ہیں، نے اس ریس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ وائس چانسلرپروفیسر نیلوفر خان نے جامعہ کی جانب سے انفراسٹرکچر کے حوالے سے جامع تعاون فراہم کرنے اور قومی اور بین الاقوامی چیمپئن شپ میں طلبہ کی شرکت میں سہولت فراہم کرنے کے عزم کو اجاگر کیا۔خواتین کی کیٹیگری میں سکول آف لاء کی حرما شاہ نے گولڈ میڈل، شعبہ فزیکل ایجوکیشن اینڈ سپورٹس کی رشیہ بشیر نے سلور میڈل حاصل کیا اور شعبہ سوشل ورک کی بسمہ ظہور نے برانز میڈل حاصل کیا۔مردوں کی کیٹیگری میں شعبہ ریاضی کے میر ریاض الرشید نے گولڈ میڈل، نارتھ کیمپس کے کشنور فاروق نے سلور اور شعبہ زولوجی کے عادل رشید نے برانز میڈل حاصل کیا۔