عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر یونیورسٹی نے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی زکورہ کیمپس میں ’’AIاور روبوٹکس: ڈیزائننگ فیوچرز، بلڈنگ پاتھ ویز‘‘کے موضوع پرتین روزہ بوٹ کیمپ اختتام پذیر ہوا۔بوٹ کیمپ میں AIپروٹو ٹائپنگ، منی AIپروجیکٹس اور ٹیم پر مبنی مسائل کے حل پر عملی سیشنز پیش کیے گئے، جن کا مقصد جدت، ٹیم ورک، اور تنقیدی سوچ کو پروان چڑھانا تھا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان نے کہا کہ اس طرح کے بوٹ کیمپ طلبا کو تیزی سے بدلتے ہوئے تکنیکی منظرنامے کے لیے تیار کرنے کے لیے ضروری ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’ہم مصنوعی ذہانت اور آٹومیشن کے دور میں رہنمائی کرنے کیلئے ضروری مہارتوں، تخلیقی صلاحیتوں اور اعتماد کے ساتھ نوجوان ذہنوں کی پرورش کے لیے پرعزم ہیں‘‘۔ رجسٹرار پروفیسر نصیر اقبال نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام طلبا میں جدت اور کثیر الجہتی مشغولیت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، جو خطے کی تکنیکی ترقی کے لیے بہت ضروری ہیں۔