سرینگر//کشمیر یونیورسٹی سے فورشور روڑ تک متعدد درسگاہوں کے طلباء نے کراس کنٹری ریس میں حصہ لیا اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوںمیں اسناد اور انعامات تقسیم کئے گئے۔ مکتبہ محمد بن قاسم وازہ پورہ اور آن لائن سماجی فورم ’’بریجینگ دی گیپ‘‘ (Bridging The Gape)کے اشتراک سے اتوار کوکشمیر یونیورسٹی کے مولانا رومی ؒگیٹ سے5کلومیٹر مسافت پر مشتمل کراس کنٹری ریس کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا جو جھیل ڈل کے کنارے قائم پارک فورشور روڑ پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریس میں سرینگر کے متعدد درسگاہوں کے طلباء نے شرکت کی جن میں مکتبہ محمد بن قاسم پیر مسجد گوجوارہ، مکتبہ رحمانیہ بلبل لنکراور مکتبہ سید محمد امین اویسی شامل ہیں۔پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن بالترتیب داین اعجاز ،ارباز بشیر اور ارسلان عاشق نے حاصل کی ۔دوسرے زمرے میں آصف ملک،زید عاشق اور سالم جاوید نے بالترتیب پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن جبکہ تیسرے زمرے میں معصیب مشتاق،احسان اللہ اور شاہد گلزارپہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس موقعہ پر مہمان خصوصی امام رنگر مسجد سرینگر قاری شاہ محمد نے بچوں میں اسناد و انعامات تقسیم کئے۔ مکتبہ محمد بن قاسم وازہ پورہ کے صدر خالد حسین نے کراس کنٹری ریس، کھیل کود کی سرگرمیوں کی اہمیت و خصوصیات کو بیان کیا اور واضح کیا کہ کس طرح اسلام ہماری صحت اور تندرست زندگی کو بیان کرتا ہے تاکہ ہم ایک پرامن اور صحت مند زندگی گزارے۔مکتبہ کے نائب صدر عمر قادری نے کراس کنٹری ریس میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ ہے۔انہوں نے براق ٹور اینڈ ٹرائلز کو ٹرانسپورٹ سہولیات میسر رکھنے،دارالطاء کو طبی سہولیات اورنیوز پورٹل آنلی کشمیر کو میڈیا کوریج کیلئے شکریہ ادا کیا۔