سرینگر // کشمیر ینگ رایٹرس ایسو سی ایشن نے ریاستی کلچرل اکیڈمی اور ریڈیو کشمیر سرینگر کے اشتراک سے یک روزہ ادبی کانفرنس منعقد کی۔ جس میں وادی کے طول و عرض سے آئے ہوئے علم و ادب سے وابستہ افراد نے شرکت کی ۔پہلی نشست کی صدارت وادی کے معروف شاعر رفیق راز نے انجام دی، جبکہ وادی کے مشہور محقق اور مترجم غلام نبی خیال بحثیت مہمان زی وقار شامل تھے۔ اس کے علاوہ غلام حسن غمگین , فاروق فیاض اور رنجور تلگامی بھی ایوان صدارت میں موجود تھے۔ کیوا کے صدر فاروق واگوری نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ صوفی شاعر مشتاق احمد مشتاق کو کیوا کی طرف سے توصیفی سند سے نوازا گیا۔ ایک اور صوفی شاعر مرحوم مشتاق عبدالکریم کے شعری مجموعے "روح عاشق" کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ منظور یوسف نے کشمیری زبان سے وابستہ ادبی انجمنوں کا خاکہ پیش کیا اور شوکت تلگامی نے روح عاشق پر تبصرہ پیش کیا۔ وادی کے مشہور موسیقی کار محمد اسلم اور عبد الرشید ڈار نے موسیقی کا پروگرام پیش کیا۔جبکہ نظامت کے فرائض منظور یوسف نے انجام دئے۔ آخری نشست میں محفل شعروسخن آراستہ کی گئی جسکی صدارت سید بشیر کوثر نے کی۔