کپوارہ +کنگن//صوبائی انتظامیہ نے وادی کے7اضلاع کے دوردراز علاقوں میں برفانی تودے گرآنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 18جنوری کی رات تک اننت ناگ، کولگام، بڈگام، بارہمولہ،کپوارہ، بانڈی پورہ اور گاندربل اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا خطرہ ہے لہٰذا عام لوگ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ادھروادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی میں کہیں کہیں بارشیں ہونے کا امکان ہے، وہیں جمعہ کے روز سے موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا‘۔ کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق بدھ کے روز بعد دوپہر سے زوجیلا،منی مرگ، پنجترنی،گنڈ، کلن، گگن گیر، ریول، سونہ مرگ میں ہلکی اور درمیانہ درجے کی برفباری شروع ہوئی جو شام دیر گئے تک جاری رہی۔ اشرف چراغ کی اطلاع کے مطابق تازہ برف باری کی وجہ سے سرحدی ضلع کپوارہ کے حد متارکہ پر واقع کیرن ،کرناہ اور مژھل کی سڑکیں گا ڑیو ں کی آ مد و رفت کے لئے بند ہوگئی ہیں اور کسی بھی مسافر گاڑی کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔کپوارہ میں بدھ کی علی الصبح سے ہلکی برف باری اور بارشو ں کا سلسلہ شروع ہو ا جو بدھ کو وقفے وقفے سے جاری رہا تاہم ضلع کے حد متارکہ پر واقع کیرن کی فرکیان گلی ،نستہ ژھن گلی کرناہ اور زیڈ گلی مژھل پر بھاری برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں میلیال کیرن ،چوکی بل کرناہ اور سرکلی مژھل سڑکو ں کو گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا ۔ضلع کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں تاہم دور دراز بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی۔