سرینگر//پاکستان زیر انتظام کشمیرکے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان زیر انتظام کشمیر پاکستان کا ناقابل تنسیخ حصہ ہے اور پاکستان اـس کے بغیر نا مکمل ہے۔پاکستان ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے ایک بڑے مجمع سے خطاب کے دوران سردار مسعود خان نے پاکستان زیر انتظام کشمیر کو پاکستان کا ناقابل تنسیخ حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آزاد کشمیر کے بغیر نامکمل ہے ۔انہوں نے عالمی برادری کو وادی کشمیر میں جاری تشدد کی طرف توجہ مبذول کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ وادی کشمیر میں جاری بھارتی فورسزکی عام لوگوں پر ڈھائی جارہی زیادتوں کی پُر زور الفاط میں مذمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں ہوں گی اور بھارتی حکومت کو ایک نہ ایک دن اس مسئلے کے دائمی حل کیلئے اقدام کرنے پڑیں گے۔ خان نے کشمیری تحریک آزادی کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس تحریک کے بدولت مسئلہ کشمیر نہ صرف امریکہ میںبلکہ دنیا کے دیگر حصوں میں بھی زندہ ہے۔ مسئلہ کشمیر کے دائمی حل کو جنوبی ایشیا ء میں قیام امن کی شرط دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں قیام امن تب تک نا ممکن ہے جب تک نہ مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے ۔ خان نے کہا کہ کشمیر یوں کی نظرو ں میں عالمی برادری تک اپنی روئیداد پہنچانے کا واحداور موثر ذریعہ پاکستان ہے ۔ خان نے کہا کہ بھارتی میڈیا کشمیر جاری تحریک کو دہشت گردی کے رنگ میں رنگنے کیلئے کوشاں ہے جبکہ کشمیریوں کی یہ تحریک حصول آزادی کیلئے ایک سیاسی جدوجہد ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ اپنے ہی وطن میں اجنبیوں جیسا بر تائو روا رکھنے کے بجائے انہیں اپنا سیاسی مستقبل کا فیصلہ لینے کی اجازت دی جانی چاہئے۔ تقریب کے حاشیے پر ذرائع ابلاغ کے نمائیندوں سے بات کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ جموں کشمیر میں اقوام متحدہ کے حفاظتی کونسل کی قرار دادوں کو نہ عملانے کی ذمہ دار حکومت پاکستان نہیں بلکہ بھارتی حکومت ہے۔