سرینگر//وادی کے طول و عرض علی الخصوص جنوبی کشمیر میں نہتے عوام پر فورسزاہلکاروں کی طرف سے ہورہے مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جماعت اسلامی جموںوکشمیر نے اقوام عالم ، تنظیم برائے اسلامی ممالک، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور بھار ت میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ انسانی حقوق کی پامالیوں کا فوری اور سنجیدہ نوٹس لیں اور ایک اعلیٰ سطحی جائزہ ٹیم مقرر کرکے وادی کے حالات کا جائزہ لیں اور از خود مشاہدہ کریں کہ کس طرح یہاں فورسز اور دیگر ایجنسیاں انسانی حقوق کو پائوں تلے روند رہے ہیں اور نہتے لوگوں پر گولیوں اور بارود کی برسات کرکے بے گناہ کشمیریوں کا بے دریغ قتل عام کررہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیر ی لوگوں کا صرف یہ قصور اور جرم ہے کہ وہ بھارتی حکومت کو اُن وعدوں پر عمل کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں جو خود بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی وساطت سے یہاں کے عوام سے کئے ہیں۔ ہر ایک قوم کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار ہے اور کوئی دیگر قوم طاقت اور دولت کی بنیاد پر کسی قوم کا یہ بنیادی حق تلف کرنے کا کوئی جواز نہیں رکھتی ہے۔ ۔بھارت نے جس طرح کشمیریوں کی قتل و غارت گری کا ایک مذموم سلسلہ شروع کررکھا ہے اور وادی کے طول و عرض کو خون ناحق سے نہلادینے کی انسانیت کش پالیسی اپنائی ہے‘ جماعت اسلامی جموںوکشمیر اس پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام عالم علی الخصوص اقوام متحدہ کی تنظیم پر زور دیتی ہے کہ وہ اس دیرینہ انسانی مسئلے کو پائیدار بنیادوں پر یہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کی خاطر ٹھوس اقدامات کرے اور یہاں جاری سرکاری دہشت گردی کو رکوانے کی خاطر فوری اور مؤثر کارروائی کرے دریں اثنا جماعت اسلامی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جنوبی کشمیر کے ان دیہات میں جاکر شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ وفد کی قیادت ناظم شعبہ سیاسیات ایڈوکیٹ زاہد علی نے کی۔